اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کرپشن کے خاتمے اور ادارہ جاتی اصلاحات کے لیے بھرپور کوشش کر رہی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت ایف بی آر کے امور کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیراعظم نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں جاری اصلاحات کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کے لیے بین الاقوامی سطح پر معروف کمپنیوں کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت دی۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان کرپشن سے پاک اور شفاف ادارہ جاتی نظام کے قیام کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ معاشی اشاریے حکومت کی درست پالیسیوں کا ثبوت ہیں۔
اجلاس میں وزیراعظم کو فیس لیس کسٹمز اسیسمنٹ سسٹم اور پاکستان ریونیو آٹومیشن لمیٹڈ میں جاری اصلاحات سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے فیس لیس کسٹمز سسٹم کی حالیہ کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ اس سے محصولات میں اضافہ اور کلیئرنس کے عمل میں بہتری آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی سہولت کے لیے ڈیجیٹل ٹیکس ریٹرن سسٹم جلد نافذ کیا جائے گا، جسے اردو سمیت دیگر مقامی زبانوں میں بھی متعارف کرایا جائے گا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ انشاء اللہ پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم بنانے کی کوششیں کامیاب ہوں گی۔
اجلاس میں وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، چیئرمین ایف بی آر اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔
