ملتان کے مشہور تاجر اور سیاسی شخصیت ملک حسنین بوسن کو نامعلوم افراد نے اغوا کے بعد قتل کردیا، مقتول کی لاش ملتان سے برآمد کرلی گئی۔ اطلاعات کے مطابق حسنین بوسن زکریا یونیورسٹی میں ملازم اور ایمپلائز یونین کے نائب صدر بھی تھے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی پنجاب سید علی حیدر گیلانی نے ملک حسنین بوسن کے قتل پر افسوس اور گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس دلخراش واقعے نے سب کو افسردہ کردیا ہے۔
سید علی حیدر گیلانی نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ان کے اہل خانہ کے ساتھ مکمل ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک حسنین بوسن کا بہیمانہ قتل انتہائی تشویشناک ہے، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جلد از جلد مجرموں کا سراغ لگا کر انہیں کیفر کردار تک پہنچانا چاہیے تاکہ متاثرہ خاندان کو انصاف مل سکے۔
