ملتان(عدنان فاروق قریشی سے)ملتان میں ٹریفک حادثات کی شرح کو کم کرنے اور حکومتی ریونیو میں اضافہ کرنے کے لئے ڈرائیونگ لائسنس کا نیا قانون متعارف،ٹریفک وارڈنز کی موجیں،عیدی مہم شروع ہوگئی۔ باوثوق ذرائع کے مطابق ملتان کے شہری ہو جائیں تیار،بغیر ڈرائیونگ لائسنس رکھنے والوں کی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بنیں گی خدمت سنٹر کی مہمان،آر پی او ملتان نے نیا حکم نامہ جاری کردیا۔معلوم ہوا ہے کہ حکومتی ریونیو میں اضافہ اور شہر میں بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات کی شرح کو کم کرنے کے لئے ریجنل پولیس آفیسر ملتان سہیل چوہدری نےٹریفک پولیس ملتان کو ایک حکم نامہ جاری کیا ہے کہ شہر بھر میں وہ بغیر لائسنس گاڑیاں اور موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کریں اور انکی گاڑیاں خدمت سنٹر میں اسوقت تک بند رکھیں جب تک وہ اپنا ڈرائیونگ لائسنس حاصل نہ کرلیں،کارڈرائیونگ لائسنس لرنر کے 43 دن مکمل ہونے کے اور ٹیسٹ میں کامیاب ہونے کے بعد دیا جائے گا جبکہ موٹر سائیکل سواروں کو ڈرائیونگ لائسنس کی فیس جمع کرانے کے بعد فوری لائسنس جاری کیا جائے۔ذرائع نے کہا ہے کہ آر پی او کی جانب سے جاری ہونے والے حکم نامہ کے بعد ٹریفک پولیس کے شیر جوانوں نے شہر بھر کی اہم شاہراہوں اور چوکوں پر ڈیرے جما لئے ہیں اور اس قانون کی آڑ میں وہ سادہ لوح شہریوں سے عیدی وصول کرنے میں مصروف ہیں،ایک شہری نے نام ظاہر نہ کرنیکی شرط پر بتایا کہ اس سے لائسنس نہ ہونیکی وجہ سے 15 سو روپے رشوت وصول کی گئی اور اسے جانے دیا ۔ایسے بیشتر شہری ہیں جن سے روزانہ کی بنیاد پر ٹریفک وارڈنز لوٹ مار کررہے ہیں جبکہ مذکورہ وارڈنز آر پی او کے حکم نامہ کو بھی بجا لاتے ہوئے آٹے میں نمک کے برابر شہریوں کو خدمت سنٹر لے جا کر ان کے لائسنس بنوا رہے ہیں۔علاوہ ازیں آر پی او کی جانب سے متعارف کروائی گئی پالیسی کے بارے میں ملتان کے عوامی، سماجی حلقوں،تاجر برادری اور شہریوں نے سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے ان کا کہنا ہے کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ موجودہ پالیسی سے حکومتی خزانہ میں اضافہ ہوگا لیکن ہم اس بات کو نہیں مانتے کہ اس پالیسی سے ٹریفک حادثات کی شرح میں بھی کمی واقع ہو گی کیونکہ ٹریفک حادثات میں اضافہ کی ایک بڑی وجہ شہر بھر میں تجاوزات بھی بھرمار بھی ہے لیکن ان کے خلاف وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے واضح احکامات کے باوجود کارروائی عمل میں نہیں لائی جارہی،اگر کوئی کارروائی ہو بھی رہی ہے تو پہلے سے انہیں آگاہ کردیا جاتا ہے جس پر بیشتر خوانچہ فروش غائب ہو جاتے ہیں اور کچھ کے خلاف کاغذی کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے تاکہ افسران کو خوش کیا جاسکے۔شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ملتان شہر میں ٹریفک کی ابتر صورتحال کو بہتر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
