آج کی تاریخ

ملتان ؛آتشبازی،تیاری اندرون شہر دھماکوں سے لرزاٹھا ایک شخص ہلاک ،3زخمی

ملتان(کرائم رپورٹر)ملتان اندرون شہر بڑی تبا ہی سے بچ گیا،آتش گیرمواد کی تیاری کے دوران دھماکا،دو کمروں کی چھتیں منہدم،ایک شخص ہلاک،تین افراد کے زخمی ہوگئے۔پولیس کی بھاری نفری اے ایس پی بریرہ کی سربراہی میں موقع پر پہنچ گئی،اردگرد کے علاقوں کو بند کردیا گیا،ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا۔معلوم ہوا ہے کہ اندرون شہر ملتان میں مشتاق نانی مار والی گلی گوپی محلہ میں 40 سالہ حامد اپنے دو بھائیوں بابر اور جاوید کے ہمراہ اڑھائی مرلہ کے گھر میں رہتا تھا۔حامد گزشتہ شب اپنے گھر کی بالائی منزل پر آتش گیر مادہ تیار کررہا تھا اور ساتھ ہی سگریٹ پی رہا تھا کہ اسی دوران سگریٹ کی راکھ آتش گیر مادہ پرگر گئی جسکے نتیجہ میں یکے بعد دیگرے تین دھماکے ہوئے۔پہلے دھماکہ کے نتیجہ میں حامد اور اسکے بھائیوں کی فیملی گھر سے باہر بھاگ گئی جبکہ حامد دوکمروں کی چھتیں منہدم ہونیکی وجہ سے وہیں دب گیا اور اسے آگ بھی لگ گئی۔واقعہ کی اطلاع پر اے ایس پی بریرہ،ڈی ایس پی کبیر خان، ایس ایچ او عبد الخالق اور ریسکیو کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور اردگرد کے علاقوں کو سیل کرکے ملبے تلے سے زخمی حامد کو باہر نکال کر نشتر ہسپتال بھجوایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جانبحق ہوگیا،جبکہ اسکا ایک بھائی اور فیملی کی ایک خاتون بھی زخمی ہوئی جنہیں نشتر داخل کروادیا گیا ہے جہاں انکی حالت خطرہ سے باہر بتائی جاتی ہے۔ایس ایچ او عبد الخالق نے بتایا کہ مرنے والے حامد کا پولیس کے پاس کوئی سابقہ ریکارڈ موجود نہ ہے۔پولیس نے موقع سے شواہد اکٹھے کرکے گھر کو سیل کردیا ہے جبکہ آتشبازی کا سامان رکھنے پر ملزم کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا ہے۔اہل علاقہ نے’’ قوم‘‘ کو بتایا کہ سامان کی کمی کی وجہ سے بڑا سانحہ رونما ہونے سے بچ گیا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں