ملتان (وقائع نگار) سرکاری ہسپتالوں میں علاج کے معیار کو بہتر بنانے کیلئےمریضوں کی براہ راست رائے کا نیا نظام رائج کرنے کا فیصلہ ،پنجاب حکومت سرکاری ہسپتالوں میں علاج کے معیار کو چیک کرنے اور بہتر بنانے کے لیے ایک اہم اقدام اٹھانے جا رہی ہے۔ پنجاب ہیلتھ انیشیٹو مینجمنٹ کمپنی (PHIMC) نے مریضوں سے براہ راست فیڈبیک حاصل کرنے کے لیے کال سینٹر سروسز کا ٹینڈر جاری کر دیا ہے۔اس منصوبے کے تحت سرکاری ہسپتالوں میں علاج کروانے والے مریضوں کو کال کر کے ان کی رائے حاصل کی جائے گی۔ کالز میں مریضوں سے علاج کے معیار، ادویات کی دستیابی، ڈاکٹروں اور سٹاف کے رویے اور دیگر سہولیات کے بارے میں پوچھا جائے گا۔ مقصد یہ ہے کہ مریضوں کی حقیقی مشکلات اور تجاویز براہ راست حکومت تک پہنچیں تاکہ نظام میں بہتری لائی جا سکے۔اس منصوبے کے لیے چار کروڑ 50 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ کال سینٹر آپریٹرز مریضوں کو کال کریں گے اور ایک معیاری سوالات کی فہرست کے مطابق فیڈبیک ریکارڈ کریں گے۔اس کا مقصد سرکاری ہسپتالوں میں شفافیت بڑھانا، سٹاف کی کارکردگی مانیٹر کرنا اور مریضوں کی اطمینان کی سطح جاننا ہےکمپنی نے تجربہ کار فرموں سے ای بڈز طلب کر لی ہیں۔ درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 12 مئی 2026 (صبح 11 بجے) مقرر کی گئی ہے، جبکہ بڈز کی کھلائی اسی دن 11:30 بجے ہوگی۔ ٹینڈر دستاویزات PHIMC کی آفیشل ویب سائٹ اور پنجاب کے ای پراکیورمنٹ پورٹل پر دستیاب ہیں۔یہ اقدام صوبائی حکومت کی جانب سے صحت کے شعبے میں شفافیت اور جوابدہی کو فروغ دینے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ مریضوں کی براہ راست آواز شامل کرنے سے نہ صرف سہولیات میں بہتری آئے گی بلکہ سرکاری ہسپتالوں پر عوام کا اعتماد بھی بڑھے گا۔







