ملتان(کرائم رپورٹر)زیر تعمیر مکان سے چھاپے کے دوران بھاری مقدار میں منشیات کی برآمدگی پولیس نے مزدوری کرنیوالوں پر بھی ڈال دی جبکہ منشیات فروش نے کہا کہ مستری اور مزدور دیواریں بنانے آئے ہیں، ان کا منشیات سے کوئی تعلق نہیں ۔چھاپے کے دوران مخدوم رشید پولیس کے تشدد سے ایک مزدور احمد عباس کا دانت ٹوٹ گیا اور منہ سے خون آنے لگا تو پولیس نے اسے بھی دھر لیا کہ ایسا نہ ہو کہ میڈیکل کرا کر پولیس کے خلاف کارروائی کرائے۔ پولیس کے اے ایس آئی ادریس گل نے احمد عباس پر بھی 1150 گرام آئس ڈال کر شریک جرم قرار دے دیا جس کی وجہ سے وہ گزشتہ کئی ماہ سے جیل میں ہے۔ اس کی ضعیف والدہ اور بہن نے روزنامہ قوم کے دفتر آکر بتایا کہ ڈسٹرکٹ جیل میں اسے خون کی الٹیاںآ رہی ہے اور اس کی حالت خراب ہے جس پر روزنامہ قوم کی طرف سے ڈی آئی جی جیل خانہ جات میاں محسن رفیق کو آگاہ کیا گیا تو انہوں نے فوری طور پر نشتر کے ڈاکٹروں کو بلا کر تفصیلی معائنہ کرایا۔ ملزم کی والدہ اور بہن نے سی پی او ملتان سے مداخلت کرتے ہوئے تفتیش کسی ایماندار آفیسر کو دینے کی درخواست کی ہے۔
