آج کی تاریخ

لال سوہانرا زیادتی کیس کا ڈراپ سین،مدعی خود ریکارڈیافتہ ملزم نکلا

بہاولپور(تحصیل رپورٹر) تھانہ عباس نگر چوکی لال سونہارا زیادتی کے شبہ میں گرفتار ملزمان پر ڈکیتی کے جھوٹے مقدمات کے اندراج کا ڈراپ سین ،مدعی مقدمہ خود ریکارڈ یافتہ نکلا۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق سیٹلائٹ ٹاؤن بہاولپور کا رہائشی محمد کامران پولیس کا کار خاص مختلف مقدمات میں مدعی اور گواہ نکلا۔ تھانہ عباس نگر پولیس نے اپنے بچاؤ کے لیے ہاتھ پاؤں مارنے شروع کر دیئے ۔سماجی حلقوں کا پولیس کی حرکت پر تشویش کا اظہار تفتیش کی الف ب سے بھی ناواقف ایس ایچ او کی تبدیلی کا مطالبہ۔تفصیلات کے مطابق بہاولپور کے تھانہ عباس نگر پولیس کا زیادتی کے شبہ میں لال سونہارا کے نوجوانوں کو حراست میں لے کر ان پر ڈکیتی کے جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات درج کروانے کا معاملہ پولیس کی جانب سے رچایا جانے والا فرضی ڈرامہ فلاپ ہو گیا پولیس عباس نگر چوکی لال سونہارا کے انچارج عامر شاہ نے مبینہ ملزمان کو یکم اپریل کو گرفتار کر لیا تھا لیکن مورخہ 3 اپریل کا ایک خود ساختہ وقوعہ بناکر 7 اپریل کو مقدمہ نمبر 164 سال 2025 بجرم 392 ملزمان محمد امین،اختر،محسن اور شبیر کے خلاف درج کرلیا حیران کن اور پولیس افسران کی ذہانت چیک کریں کہ یکم اپریل کو ملزمان کو گرفتار کیا اور ملزمان نے پولیس کی حراست میں ہی ڈکیتی مار ڈالی اس جھوٹے اور فیک مقدمہ کا اندازہ آپ اس بات سے لگائیں کہ پولیس نے ایک ایسا مدعی بنایا ہے جو سیرو تفریح کے لیے جب اپنی اہلیہ کے ہمراہ نکلا تو یہ اپنا موبائل گھر رکھ کر آیا تھا ڈاکوں نے اس کی اہلیہ کا موبائل فون چھین لیا لیکن اس سلسلے میں جب روزنامہ قوم نے اپنی انویسٹیگیشن کی تو معلوم ہوا کہ مدعی مقدمہ محمد کامران ولد بشیر احمد خود پولیس ریکارڈ کے مطابق 8 قریب مختلف مقدمات میں گواہ اور مدعی ہے جبکہ پولیس کے اعلیٰ افسران اس تفتیش میں اگر جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کریں تو یقیناً بہت سارے شواہد مل سکتے ہیں جس میں سی ڈی آر اور لوکیشن شامل ہے یہ چیک کیا جائے کہ آیا مقدمہ میں نامزد ملزمان کی اور مدعی مقدمہ کی اہلیہ کے چھینے گئے موبائل کی لوکیشن سیم ہے یا پھر ان میں تضاد ہے سماجی حلقوں نے نئے تعینات ہونیوالے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر حسن اقبال اور ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب کامران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ اس مقدمہ کی صاف شفاف انکوائری کروائی جائے تاکہ جن پولیس اہلکاروں نے ان نوجوانوں کا مستقبل تاریک کیا ہے ان کو کڑی سے کڑی سزا دی جا سکے ۔

شیئر کریں

:مزید خبریں