آج کی تاریخ

قومی اسمبلی میں جعفر ایکسپریس حملے کی مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور

اسلام آباد: قومی اسمبلی نے بولان میں جعفر ایکسپریس پر ہونے والے حملے کے خلاف متفقہ طور پر مذمتی قرارداد منظور کر لی ہے۔ یہ قرارداد وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، نے پیش کی، جس پر تمام سیاسی جماعتوں کے اراکین نے دستخط کیے۔
قرارداد میں جعفر ایکسپریس کو ہائی جیک کرنے اور شہریوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ، ملک کے امن کو متاثر کرنے والی تمام دہشت گردانہ کارروائیوں کی بھی مذمت کی گئی ہے۔ قرارداد میں اس عزم کا اظہار کیا گیا ہے کہ قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی اور کسی بھی گروہ یا فرد کو ملک کے امن، خوشحالی اور خودمختاری کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ مزید برآں، ملک کی علاقائی حدود میں خوف، نفرت یا تشدد پھیلانے کی کسی بھی کوشش کی اجازت نہیں دی جائے گی، اور دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے انتھک محنت کرنے کا عہد کیا گیا ہے۔
اجلاس کے دوران پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین بھی پیش کیا گیا۔
دوسری جانب، وزیراعظم شہباز شریف کوئٹہ پہنچ چکے ہیں جہاں وہ امن و امان کی صورتحال اور دیگر امور پر جائزہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔ جعفر ایکسپریس پر حملے اور یرغمال بنا کر قتل کیے گئے 25 افراد کی میتیں مچ پہنچا دی گئی ہیں، جنہیں شناخت کے بعد آبائی علاقوں کو منتقل کر دیا گیا ہے۔ پاک فوج کے آپریشن میں بازیاب کرائے گئے مزید 47 مسافروں کو مچ سے کوئٹہ پہنچا دیا گیا ہے، جبکہ 29 زخمی بھی کوئٹہ کے اسپتالوں میں منتقل کیے گئے ہیں، جن کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں