قادرپورراں (نامہ نگار): قادرپورراں میں گزشتہ روز قتل کی دوسری واردات پیش آئی جس نے علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم کر دی۔ نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کر کے ایک شخص کو موت کے گھاٹ اتار دیا اور موقع سے فرار ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق محلہ پیپل والا کے رہائشی محمد رفیق ولد نور محمد قوم مغل شام کے وقت کھانا کھانے کے بعد موٹر سائیکل پر پل رانگو کی جانب جا رہے تھے کہ گھر سے تقریباً دو کلومیٹر کے فاصلے پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے پیچھے سے آ کر رفیق کے سر پر گولی مار دی۔ گولی لگنے سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ ملزمان با آسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔فائرنگ کی آواز سن کر قریبی مکین موقع پر پہنچے تو رفیق دم توڑ چکے تھے۔ اطلاع ملنے پر پولیس تھانہ قادرپورراں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور نعش کو ریسکیو 1122 کے ذریعے پوسٹمارٹم کے لیے نشتر ہسپتال ملتان منتقل کر دیا۔واقعے کے بعد علاقے میں سخت خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ قادرپورراں اور گردونواح میں آئے روز ڈکیتیاں اور فائرنگ کے واقعات معمول بن چکے ہیں، لیکن پولیس کی گشت اور کارروائی میں کوئی نمایاں بہتری نہیں آئی۔مقامی مکینوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں پولیس کی نفری بڑھائی جائے اور گشت کا نظام مؤثر بنایا جائے تاکہ بڑھتے ہوئے جرائم پر قابو پایا جا سکے۔








