پنجاب حکومت کے نئے پتنگ بازی قوانین جاری، 2027 بسنت کے لیے سخت حفاظتی اقدامات نافذ

لاہور: حکومت پنجاب نے سال 2027 میں پتنگ بازی کے حوالے سے نئے قواعد و ضوابط جاری کر دیے ہیں، جن پر مکمل عملدرآمد کی آخری تاریخ 30 دسمبر 2026 مقرر کی گئی ہے۔
یہ اقدامات وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات پر شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے ہیں، اور تمام شہریوں، عمارتوں کے مالکان اور ایونٹ منتظمین کے لیے ان قوانین کی پابندی لازمی قرار دی گئی ہے۔
نئے ضوابط کے تحت پتنگ بازی صرف محفوظ اور مضبوط چھتوں پر ہی کی جا سکے گی، جبکہ چھت کی چار دیواری کی کم از کم اونچائی ساڑھے تین فٹ ہونا ضروری ہوگی۔ بچوں کی حفاظت کے پیش نظر والدین کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مسلسل نگرانی رکھیں اور بچوں کو اکیلے چھت کے کناروں کے قریب نہ جانے دیں۔
حکومت نے چھتوں پر بھاگنے، کودنے، کناروں سے لٹکنے اور خطرناک انداز میں پتنگ لوٹنے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے، جبکہ گنجائش سے زیادہ افراد کے جمع ہونے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔
اسی طرح پتنگ بازی کے دوران اونچی آواز میں موسیقی، ڈی جے سسٹمز اور شور پیدا کرنے والے آلات کے استعمال پر بھی پابندی لگائی گئی ہے، جبکہ ہمسایوں کے لیے پریشانی کا باعث بننے والی سرگرمیوں کو قابلِ سزا جرم قرار دیا گیا ہے۔
تمام مقامات پر فرسٹ ایڈ کٹ کی موجودگی لازمی ہوگی، جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ریسکیو 1122 سے فوری رابطہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
قوانین کے مطابق کسی بھی حادثے یا خلاف ورزی کی صورت میں عمارت کے مالک یا ایونٹ منتظم کو ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا اور ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس حکام کو ہدایت دی ہے کہ ان ضوابط پر سو فیصد عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے گزشتہ بسنت پر شہریوں کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ آئندہ بھی محفوظ بسنت کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے گا۔
حکومت کا مؤقف ہے کہ پتنگ بازی کے نام پر انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جا سکتی

شیئر کریں

:مزید خبریں