واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جرمن چانسلر فریڈرک مرز پر ایک بار پھر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں پہلے اپنے ملک کے مسائل حل کرنے چاہئیں، بعد ازاں امریکا کے معاملات میں رائے دینی چاہیے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرمپ نے جرمن قیادت کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے ملک میں غلط فیصلے کر رہے ہیں اور انہیں داخلی معاملات پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایران کے جوہری معاملے پر امریکا کی کوششوں میں غیر ضروری مداخلت سے گریز کیا جائے۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ فریڈرک مرز کو اپنے بیانات کا ادراک نہیں اور وہ بغیر مکمل معلومات کے بات کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان کشیدگی اس وقت بڑھی جب جرمن چانسلر نے دعویٰ کیا تھا کہ ایران گزشتہ دو ماہ کے دوران امریکا کو جنگی صورتحال میں سبکی دکھا رہا ہے۔
دوسری جانب فریڈرک مرز نے ایک فوجی اڈے پر خطاب کرتے ہوئے ٹرانس اٹلانٹک تعلقات کی اہمیت پر زور دیا، تاہم انہوں نے امریکی فوجیوں کی تعداد میں ممکنہ کمی سے متعلق ٹرمپ کے مؤقف پر براہ راست بات نہیں کی۔







