آج کی تاریخ

عمران خان کے بیٹوں کی پاکستان واپسی پر کوئی پابندی نہیں، سیاست میں حصہ لینے کا حق رکھتے ہیں، سلمان اکرم راجہ

لاہور: تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ ہماری جدوجہد جاری رہے گی اور عمران خان کے بیٹے بھی پاکستان آئیں گے، ان پر سیاست میں حصہ لینے کی کوئی پابندی نہیں ہوگی۔ انہوں نے لاہور میں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بھچر اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں ووٹ چوری کا المیہ جاری ہے، عوام اور ریاست کے درمیان ووٹ کا رشتہ ٹوٹ رہا ہے، 8 فروری کو آئین اور جمہوریت پر حملہ ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں جمہوریت کی بجائے آمریت کا راج ہے، عدلیہ آزاد نہیں، کوئی جج آزاد نہیں ہے، حق کی آواز بلند کرنا ہمارا فرض ہے اور ہم یہ فریضہ ادا کر رہے ہیں۔ کل سمبڑیال میں عوام پر نہیں بلکہ پورے ملک کے عوام پر ڈاکا ڈالا گیا۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ موجودہ نظام میں انصاف کی توقعات نہیں، ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔ الیکشن میں فارم 45 پہلے سے تیار رکھے گئے تھے، پولنگ ایجنٹس کو پولنگ اسٹیشنز سے نکال دیا گیا، 26ویں آئینی ترمیم کے بعد عدلیہ سے کوئی امید نہیں۔
ملک احمد خان بھچر نے کہا کہ کل کا الیکشن ایک ٹیسٹ تھا جس میں پولیس گردی اور دھاندلی کی انتہا کی گئی، لوگوں کو پولنگ اسٹیشنز سے نکالا گیا، جعلی ووٹ ڈالے گئے اور نتیجہ بی بی کے مرحوم والد سے بھی زیادہ ووٹوں کے ساتھ آیا۔
ریجنل صدر پی ٹی آئی احمد چٹھا نے کہا کہ عوام کی بجائے سرکاری افراد امیدواروں کا انتخاب کر رہے ہیں، 2024 میں بیس ہزار زائد ووٹ ڈالے گئے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت کے تحت آر اوز تعینات ہوتے ہیں، پہلے سے بیلٹ پیپر پر ٹھپے لگائے جاتے ہیں، بیلٹ باکسز پہلے سے بھر دیے جاتے ہیں، اور پولیس دھونس و دھاندلی کا حصہ بنتی ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں