اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس کی ملاقات اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس کے موقع پر ہوئی۔ یہ ملاقات خوشگوار اور گرم جوش ماحول میں ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات کو مزید فروغ دینے پر گفتگو کی۔
ملاقات میں دوطرفہ تعاون کے مختلف پہلوؤں، خاص طور پر تجارت، علاقائی تعاون اور عوامی روابط کو مزید مستحکم کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے اس عزم کو دہرایا کہ پاکستان باہمی احترام، اعتماد اور خطے کی ترقی کے مشترکہ مقاصد کی بنیاد پر تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گا۔
چیف ایڈوائزر محمد یونس نے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے باہمی تجارت اور ثقافتی تعاون میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا۔ دونوں رہنماؤں کی یہ ملاقات خطے میں استحکام اور عوامی خوشحالی کے لیے مشترکہ کوششوں کی عکاس قرار دی جا رہی ہے۔








