اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے سی ڈی اے ترمیمی آرڈیننس 2025 کی منظوری دے دی، جس کا باقاعدہ گزٹ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
اس نئے آرڈیننس کے تحت زمین کے معاوضے کی ادائیگی صرف نقد رقم تک محدود نہیں رہے گی بلکہ یہ زمین یا دیگر متبادل صورتوں میں بھی دی جا سکے گی۔ ڈپٹی کمشنر کو زمین اور عمارتوں کے لیے علیحدہ کنٹریکٹ ایوارڈ کرنے کا اختیار حاصل ہوگا۔
ترمیم میں متاثرہ افراد کی آبادکاری اور بحالی کو قانونی حیثیت دے دی گئی ہے۔ تاخیر سے ادائیگی کی صورت میں متاثرین کو 8 فیصد سالانہ اضافی معاوضہ فراہم کیا جائے گا۔
اس آرڈیننس میں معذور افراد، نابالغوں اور دیگر قانونی طور پر مستحق افراد کے تحفظ کے لیے خصوصی شقیں بھی شامل کی گئی ہیں۔ اب جائیداد کی منتقلی سی ڈی اے کے ذریعے کسی رکاوٹ کے بغیر ممکن ہوگی۔
ترمیمی آرڈیننس میں زمینداروں کے حقوق کے تحفظ کو بھی یقینی بنایا گیا ہے اور متاثرہ افراد کی زندگی کے معیار کو بہتر بنانا لازم قرار دیا گیا ہے۔
اکتوبر 2025 سے پہلے کے تمام زیر التواء معاملات کو اس نئی پالیسی کے مطابق حل کیا جائے گا۔
