اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے کم ٹیکس دینے والے اور ٹیکس نیٹ سے باہر رہتے ہوئے سوشل میڈیا پر دولت کی نمائش کرنے والے امیر افراد کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایف بی آر کی سوشل میڈیا ٹیم نے شاہانہ طرز زندگی گزارنے والے ایک لاکھ سے زائد امیر افراد کا ڈیٹا اکٹھا کر لیا ہے۔ بڑے بنگلوں، لگژری گاڑیوں اور زیورات کی نمائش کرنے والوں کی آمدنی اور اخراجات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ شادیوں پر غیر معمولی اخراجات کرنے والے بھی کارروائی کے دائرے میں آئیں گے۔ بعض شادیوں میں بیس بیس ہزار ڈالر مالیت کے سوٹ استعمال کیے جا رہے ہیں اور ایسے افراد جو اپنے انکم ٹیکس گوشواروں میں شاہانہ طرز زندگی ظاہر نہیں کرتے، ان کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔
ایف بی آر گزشتہ سال جمع کرائے گئے گوشواروں کا اس سال سے موازنہ کرے گا اور مجموعی گوشواروں میں سے 80 فیصد کا آڈٹ کیا جائے گا۔ دولت کی نمائش کرنے والے افراد کو ٹیکس ریٹرن کے ذریعے ذرائع آمدن واضح کرنے ہوں گے۔
ایف بی آر نے خبردار کیا ہے کہ گوشواروں میں آمدن کا اضافہ ظاہر نہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، جبکہ جو لوگ اپنے ٹیکس ریٹرن میں اپ ڈیٹڈ معلومات فراہم کریں گے، ان کے خلاف فی الحال کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی۔








