چین اور اقوام متحدہ نے بلوچستان کے علاقے بولان میں جعفر ایکسپریس پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے کہا کہ چین ہر قسم کی دہشت گردی کی سختی سے مخالفت کرتا ہے اور پاکستان کے ساتھ انسداد دہشت گردی اور سیکیورٹی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین ایک پرامن، محفوظ اور مستحکم خطے کے قیام کے لیے پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا۔
دوسری جانب، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ترجمان نے بھی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یرغمالی بنانے کے کسی بھی واقعے کی مذمت کی جاتی ہے۔ ترجمان کے مطابق اقوام متحدہ ٹرین کے مسافروں کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور یرغمالیوں کی فوری رہائی پر زور دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز دہشت گردوں نے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس پر حملہ کیا اور مسافروں کو یرغمال بنا لیا تھا۔ تاہم، سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں بڑی تعداد میں یرغمال افراد بشمول خواتین اور بچوں کو بازیاب کروایا گیا۔ اطلاعات کے مطابق دہشت گرد انسانی شیلڈ کے طور پر خواتین اور بچوں کا استعمال کر رہے تھے، لیکن سکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران تمام دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
یہ کارروائی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کی عکاس ہے، جس سے انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا گیا۔
