اسلام آباد: دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے کہا ہے کہ جعفر ایکسپریس پر حملہ بیرون ملک موجود قیادت نے کروایا، جس کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے۔
ترجمان کے مطابق، بلوچستان میں حالیہ دہشتگردی میں ملوث عناصر افغانستان میں اپنے ساتھیوں سے رابطے میں تھے۔ واقعے کے دوران ٹریس کی گئی کالز سے افغانستان سے روابط کا پتہ چلا ہے۔ پاکستان متعدد بار افغان عبوری حکومت سے مطالبہ کرتا رہا ہے کہ وہ بی ایل اے جیسے دہشتگرد گروپوں کو اپنی سرزمین استعمال کرنے سے روکے۔
پاکستان اپنی سرحدوں کے باہر سے منصوبہ بندی کی جانے والی دہشتگردی کا شکار ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ہم سفارتی رابطوں کو عوامی فورمز پر بیان نہیں کرتے، لیکن ماضی میں بھی ایسے واقعات کی مکمل تفصیلات افغانستان کے ساتھ شیئر کرتے رہے ہیں۔ پاکستان کی ترجیح دوستانہ اور قریبی تعلقات کا فروغ ہے، تاہم دہشتگردی ہمارے لیے ایک سنجیدہ مسئلہ ہے، اور ہمارے کئی دوست ممالک کے ساتھ انسداد دہشتگردی پر تعاون موجود ہے۔
