ملتان (وقائع نگار) مڈ ٹرم و فائنل امتحانات سے قبل پولیس ویریفکیشن سرٹیفکیٹ لازمی جمع کرانے ہوں گے۔ طلبا وطالبات پریشان پولیس خدمت مراکز دھکے کھانے پر مجبور ہو گئے تفصیل کے مطابق بہاالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کی انتظامیہ نے طلبا و طالبات کے لیے ایک اہم شرط عائد کر دی ہے۔ مڈ ٹرم اور فائنل ٹرم امتحانات میں شرکت سے قبل تمام طلبا و طالبات کو پولیس ویریفکیشن سرٹیفکیٹ (پی وی سی) پیش کرنا ہوگا۔ جن طلبہ کے پاس یہ دستاویز دستیاب نہ ہوگا وہ امتحانات میں شرکت نہ کر سکیں گے۔یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدام حکومتِ پنجاب کی ہدایات پر کیا گیا ہے۔ تمام یونیورسٹیوں کو جاری کردہ سرکاری خط کے مطابق طلبہ کی پولیس ویریفکیشن لازمی قرار دی گئی ہے تاکہ تعلیمی اداروں میں سیکورٹی کو یقینی بنایا جائے۔طلبہ و طالبات میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ آن لائن درخواست پر 522 روپے فیس ادا کر کے پی وی سی حاصل کرنے پر کوئی سرکاری مہر یا سٹیمپ نہیں لگا ہوتا جبکہ فزیکل طور پر خدمت مراکز جا کر 322 روپے میں بنوائے گئے سرٹیفکیٹ پر مہر موجود ہے۔ طلبہ کا دعویٰ ہے کہ سٹیمپ کی کمی کی وجہ سے انہیں دوبارہ پولیس مراکز دھکے کھانے پڑیں گے جس سے وقت اور پیسہ دونوں ضائع ہو رہے ہیں۔ایک طالب علم نے بتایا، “ہم پہلے ہی ٹیوشن فیس، ہوسٹل اور دیگر اخراجات میں پھنسے ہوئے ہیں۔ اب امتحانات سے پہلے پولیس کا چکر لگانا قوم کے مستقبل کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے۔” طالبات نے بھی یہی شکایت کی کہ فزیکل مراکز تک رسائی مشکل ہے، خاص طور پر دیہی علاقوں سے آنے والوں کے لیے۔ ریزیڈنٹ آفیسر پروفیسر ڈاکٹر مقرب اکبر سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے تصدیق کی کہ”حکومتِ پنجاب نے تمام یونیورسٹیوں کو خط لکھا ہے کہ طلبہ و طالبات کی پولیس ویریفکیشن فوری کروائی جائے۔ ہم اس پر عمل کر رہے ہیں اور کوئی رعایت نہیں کی جائے گی۔ یہ اقدام طلبہ کی حفاظت اور یونیورسٹی کی سیکورٹی کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ فوری طور پر قریبی پولیس خدمت مراکز سے رابطہ کریں۔تعلیمی ماہرین کا کہنا ہے کہ پولیس ویریفکیشن کا عمل تو اچھا ہے مگر فیسوں میں فرق اور آن لائن سرٹیفکیٹس پر سٹیمپ کی پابندی کو ختم کرنا چاہیے۔ پنجاب پولیس کی جانب سے پنجاب پولیس ویریفکیشن ایپ متعارف ہے جو عمل کو آسان بناتی ہے، مگر یونیورسٹیوں کو ڈیجیٹل سرٹیفکیٹس کو تسلیم کرنے کی ہدایت دی جائے۔طلبہ نے مطالبہ کیا ہے کہ امتحانات میں شرکت کی ڈیڈ لائن بڑھائی جائے اور فزیکل سٹیمپ کی شرط نرم کی جائے۔








