آج کی تاریخ

بہاولپور: ڈی این بی نہر سے پانی چوری جاری، ٹیل کی زمینیں پیاسی، کاشتکار مشتعل

بہاولپور (کرائم سیل) سابقہ تعیناتیوں کے دوران ٹیل کے کاشتکاروں تک پانی پہنچانے اور ان کے حقوق کا تحفظ کرنے جیسی شہرت رکھنے والے چیف انجینئرانہار کی یزمان میں میرٹ پسندی میں بے بسی سمجھ سے بالاتر جبکہ ایکسین جام عمران کی خاموشی کئی سوالات کو جنم دینے لگی۔ دہائیوں سے چولستان کے عوام کے حقوق پر ڈاکے ڈالنے کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ محکمہ انہار یزمان کے عملے کی مبینہ سرپرستی میں شاہی والا ڈی این بی نہر جو کہ ہیڈ راجکاں سے اڈاشاہی والا چولستان تک جاتی ہے پر 150 کے قریب پنکھے لگا کر پانی چوری کی جا رہی ہے جس کی وجہ سے ٹیل کے کاشتکاروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور ان میں اشتعال پھیلنے کا خدشہ ہے۔ وزیر اعلیٰ خود نہ آسکیں تو وزیر آبپاشی پنجاب یا اپنے علاقائی ایم پی اے، ایم این اے کو موقع پر بھیجیں تاکہ ہماری شکایت کا ازالہ ہو سکے اور ہمیں پانی مل سکے نہری پانی کی بوند بوند کو ترستے چولستانیوں کی خاتون وزیراعلیٰ پنجاب سے اپیل۔چولستانیوں کی آواز بننے پر روزنامہ قوم سے اظہار تشکر ۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اپنے وزراء کے ہمراہ عوام کو سہولیات پہنچانے کے لیے مصروف ہیں جبکہ محکمہ انہار یزمان کا عملہ ان کے ویژن میں بڑی رکاوٹ نظر آرہا ہے۔ روزنامہ قوم کو ٹیل کے کاشت کاروں نے پانی چوری کی شکایت کی جس پر کرائم سیل نے جو انویسٹی گیشن کی ہے۔ ان میں حیران کن حالات سامنے آئے ہیں کہ شاہی والا ڈی این بی نہر جو کہ ہیڈ راجکاں سے اڈا شاہی والا تک کاشتکاروں کو پانی پہنچاتی ہے جس پربیلدار ملک افتخار اور میٹ عبید اللہ تعینات ہیں اوورسیر رامیش علی کھبڑ والا جبکہ ایرک سلیم شاہی والا کا اوورسیر ہے۔ اہل علاقہ نے نام شائع نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ان دونوں اوورسیئرزکی مبینہ سرپرستی میں بیلدار اور میٹ فی پنکھا 10 سے 50 ہزار بیجائی کے سیزن کا وصول کر کے پانی چوری کرنے کی کھلی چھٹی دے رکھی ہے ( جتنا رقبہ سیراب اس کے حساب سے پیسے)جو زمیندار پیسے نہ دے ان کے خلاف تار بھیج دیے جاتے ہیں اور یہ سارا پیسہ اپس میں افسران بندر بانٹ کر لیتے ہیں جس کی وجہ سے ٹیل کے کاشتکاروں کو پانی نہیں پہنچتا جسکی وجہ سے ان میں اشتعال پھیلنے کے امکانات ہیں۔ یاد رہے کہ پورے ملک میں پانی کا بحران ہے ڈیموں میں پانی کی شدید کمی ہے اور محکمہ انہار یزمان کے ان اقدامات کی وجہ سے فصلوں کی ایوریج میں بھی کمی واقع ہو سکتی ہے۔ متاثرین نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے اپیل کی ہے کہ جس طرح آپ ہسپتالوں کے خفیہ طور پر کے عوام کو ریلیف دینے کے لیے کوشاں ہیں اسی طرح اس نہر پر ایک چکر لگا لیں تو سب کچھ سامنے آجائے گا۔ اس سلسلے میں محکمہ انہار کے چیف انجینئر کو جب پانی چوری کی ویڈیو بھیج کر خبر کا موقف معلوم کیا تو انہوں نے بتایا کہ میں نے ایس ڈی او کے ذمے لگا دیا ہے بہت جلد کارروائی ہوگی جبکہ اس اطلاع کے فوری بعد اہل علاقہ سے بھی پانی چوروں میں ہل چل کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں