بہاولپور (کرائم سیل) بہاولپور ایس ایس ورلڈ پارک میں جھولا ٹوٹنے کا سنسنی خیز واقعہ انتظامیہ کی غفلت بے نقاب، دیگر پارکس کے جھولے بھی خطرے کی گھنٹی بہاولپور ایس ایس ورلڈ پارک میں خوفناک صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب تھری ڈی کیرج جھولے کا ایک کلپ اچانک ٹوٹ گیا اور جھولا جھٹکے سے نیچے جھک گیا۔ حادثے کے نتیجے میں تین بچے زخمی ہوئے جنہیں ریسکیو ٹیم نے موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی خوش قسمتی سے بچوں کو معمولی زخم آئے تاہم حادثے نے پارک انتظامیہ کی لاپرواہی کھول کر رکھ دی ہے- تفصیل کے مطابق حادثے کے بعد اسٹیشن کمانڈر / صدر کینٹ بورڈ بریگیڈیئر غضنفر اقبال جکھڑ کرنل توصیف، میجر شہباز اور دیگر اعلیٰ حکام کے ہمراہ فوری طور پر موقع پر پہنچے انہوں نے جائے وقوعہ کا تفصیلی معائنہ کیا اور ریسکیو کارروائی کا جائزہ لیا۔ بریگیڈیئر غضنفر اقبال نے جھولے میں تکنیکی خرابی اور حفاظتی اقدامات میں واضح کمی پر سخت برہمی کا اظہار کیا انہوں نے پارک انتظامیہ کو تمام جھولوں کی اسٹرکچرل و مکینیکل فٹنس رپورٹ تحریری طور پر جمع کرانے، حفاظتی اقدامات کا ازسرِنو جائزہ لینے اور متاثرہ جھولے کو مکمل ٹیکنیکل معائنے تک بند رکھنے کے واضح احکامات جاری کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی تفریح گاہوں میں اس قسم کی غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی شہری حلقوں نے واقعے کے بعد بھرپور مطالبہ کیا ہے کہ ایس ایس ورلڈ ہی نہیں، بلکہ بہاولپور چڑیا گھر، گلزار صادق پارک اور احمد پور شرقیہ پارک میں نصب پرانے، زنگ آلود اور بوسیدہ جھولوں کی بھی فوری انسپکشن کی جائے عوام نے خبردار کیا کہ یہ جھولے کسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بن سکتے ہیں، اس لیے تمام پارکس کے جھولوں کا فٹنس سرٹیفکیٹ جاری کرنا ناگزیر ہے کنٹونمنٹ بورڈ نے واقعے کی مکمل انکوائری کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام جھولوں کی مکینیکل اور اسٹرکچرل جانچ کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا تاکہ آئندہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔







