پاکستان کی جانب سے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دنیا بھر میں موضوع بحث بن گیا۔ بین الاقوامی میڈیا نے پاکستان کی عسکری برتری اور مؤثر دفاعی حکمت عملی کو بھرپور سراہا ہے۔
بی بی سی نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ بھارت کی حکمت عملی ناکام ہوئی اور پاکستان کو عسکری میدان میں واضح برتری حاصل رہی۔ بھارت فیصلہ کن وار کرنے میں ناکام رہا جب کہ پاکستان کی فضائی طاقت اب بھارت کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکی ہے۔
برطانوی اخبار ٹیلی گراف نے پاکستان کی دفاعی کامیابیوں پر تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ جدید رافیل طیاروں کی تباہی بھارت کے لیے ایک “تضحیک آمیز شکست” ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستانی فضائیہ نے فضا سے فضا میں مار کرنے والے جدید میزائل استعمال کرتے ہوئے پانچ بھارتی طیارے مار گرائے، جس میں تین رافیل طیارے بھی شامل تھے۔
الجزیرہ کی رپورٹ میں کہا گیا کہ تاریخ میں پہلی بار رافیل طیارے میدان جنگ میں تباہ ہوئے، جو پاکستان کی بڑی عسکری کامیابی ہے۔
دفاعی ماہرین نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارتی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنا کر اسے بھاری نقصان پہنچایا۔ اس حملے کے بعد بھارت نے فوری طور پر امریکہ سے رابطہ کیا اور صورتحال کو سفارتی سطح پر قابو پانے کی درخواست کی۔
ماہرین کا ماننا ہے کہ پاکستان نہ صرف بھارتی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے بلکہ اپنی فضائی اور دفاعی برتری کو برقرار رکھتے ہوئے خطے میں امن کے قیام کے لیے بھی پرعزم ہے۔
