لاچین: وزیراعظم شہباز شریف نے لاچین میں ترکیہ، پاکستان اور آذربائیجان کی سہ فریقی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پانی پاکستان کی 24 کروڑ عوام کے لیے زندگی کا ضامن ہے اور بھارت کی جانب سے پانی روکنے کی کوئی کوشش کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔ انہوں نے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف اور ترکیہ کے صدر طیب اردوان کا خیرمقدم اور کانفرنس کی میزبانی پر شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خوش قسمت ہے کہ ترکیہ اور آذربائیجان جیسے قابل اعتماد دوست ہمارے ساتھ ہیں۔ تینوں ممالک ایک دوسرے سے مذہب، ثقافت، اور اقدار کے مضبوط رشتے میں جڑے ہوئے ہیں اور ہر بڑے مسئلے پر ایک دوسرے کی حمایت کرتے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ بھارت نے پہلگام واقعے کی بنیاد پر پاکستان پر بغیر کسی ثبوت الزام عائد کیا، حالانکہ پاکستان نے واقعے کی شفاف تحقیقات کی پیشکش کی تھی، جس پر بھارت نے کوئی شواہد پیش نہیں کیے۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق چاہتا ہے اور بھارت کی جارحیت کے خلاف اپنی پوزیشن پر قائم ہے۔
