پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ اگر بھارت نے سندھ طاس معاہدے کو پامال کرنے کی کوشش کی تو کشمیر کی آزادی کی صورت میں تمام چھ دریا پاکستان کے حصے میں آئیں گے۔
قطر کے معروف میڈیا ادارے الجزیرہ کو دیے گئے انٹرویو میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کی افواج نے بھارت کو بھرپور جواب دے کر ایسا سبق سکھایا ہے جو وہ کبھی نہیں بھولے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی فوج کی حکمت عملی آئندہ کئی سالوں تک عسکری اداروں میں بطور مثال پڑھی جائے گی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کی افواج نے بھارت کو اس کے عزائم میں ناکام بنایا اور بھارتی فضائیہ کے 6 طیارے مار گرائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی فوج کی جرات، حوصلے اور عوامی حمایت نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ افواج پاکستان قوم کی طاقت اور فخر ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ ہم نے بھارت پر حملہ نہیں کیا بلکہ کھلے اعلان کے ساتھ دفاع کیا، اور دن کی روشنی میں دشمن کے 26 اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ سچ بولا، جبکہ بھارتی حکومت اور میڈیا نے دنیا کو دھوکہ دینے کی کوشش کی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت کی جانب سے کراچی بندرگاہ پر حملے اور دیگر جھوٹے دعوے صرف ان کی ذہنی اختراعات ہیں، جنہیں کوئی سنجیدہ عالمی ادارہ تسلیم نہیں کرتا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے پاس طاقتور میڈیا اور فلمی صنعت ہے لیکن اس کے دعوے مضحکہ خیز ہیں، جیسے کہ پاکستان نے گولڈن ٹیمپل پر حملہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نہ صرف اپنی سرزمین بلکہ پنجاب کی مذہبی مقامات کی حفاظت کو بھی ترجیح دیتا ہے۔ ہماری سکھ برادری سے محبت اور ثقافتی رشتہ بہت مضبوط ہے، ہم کسی بھی مذہبی مقام پر حملہ نہیں کرتے کیونکہ یہ ہمارے دین کے خلاف ہے۔
پاک فوج کے ترجمان نے کہا کہ بھارت کے اندرونی مسائل، اقلیتوں پر مظالم اور انتہا پسندی کی فضا اس کے اپنے معاشرے میں عدم استحکام پیدا کر رہی ہے۔ ان مسائل کو حل کیے بغیر اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں۔
سندھ طاس معاہدے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئی بھی دانشمند یہ تصور نہیں کر سکتا کہ وہ 24 کروڑ پاکستانیوں کا پانی روک لے گا۔ اگر بھارت اس معاہدے سے دستبردار ہوتا ہے تو کشمیر کی حیثیت اور وہاں سے بہنے والے دریا پاکستان کے حق میں ہوں گے۔
غزہ کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ فلسطین میں جاری ظلم ایک اجتماعی نسل کشی ہے، جو عالمی ضمیر پر بدنما داغ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عسکری قیادت کا ایمان ہے کہ دفاعی طاقت ہی بقاء کی ضمانت ہے اور امت مسلمہ کو بھی اپنے دفاع کو مضبوط بنانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم ہر روز دنیا کے سامنے اپنی اخلاقی برتری کا مظاہرہ کرتی ہے اور کسی بھی جبر یا ظلم کے خلاف ڈٹ کر کھڑی ہوتی ہے۔
