وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پہلگام واقعہ ایک منصوبہ بند ڈرامہ ہے، بھارت اس سے قبل بھی اسی طرح کے جعلی واقعات کا سہارا لیتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے جیسے اقدامات تو جنگی حالات میں بھی نہیں کیے گئے۔
جاتی امرا رائیونڈ میں وزیر اعظم شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے ملاقات کی، جس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی شریک تھیں۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں ہونے والے اہم فیصلوں پر نواز شریف کو اعتماد میں لیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل تابناک ہے، ہم ہر سطح پر چوکنے ہیں اور بھارت نے کسی قسم کی جارحیت کی تو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پہلگام کا واقعہ بھارت کی ایک اور گھڑی ہوئی کہانی ہے تاکہ دنیا کی توجہ اصل مسائل سے ہٹائی جا سکے۔ وزیر اعظم نے سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے بھارتی دھمکیوں کو غیر سنجیدہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات ماضی میں بھی جنگوں کے دوران نہیں کیے گئے۔
ملاقات کے دوران نواز شریف نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے اور ہر قسم کی دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔
