سرگودھا: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ صوبہ اس وقت تاریخ کے سب سے بڑے سیلاب سے دوچار ہوا، تاہم بروقت انتظامات نہ ہوتے تو نقصانات کئی گنا زیادہ ہوتے۔
الیکٹرک بس منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے بتایا کہ تین بڑے دریاؤں میں ایک ساتھ طغیانی آئی جس کی وجہ سے سینکڑوں دیہات متاثر ہوئے، لیکن حکومت نے پہلے ہی ضروری اقدامات کر رکھے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ متاثرینِ سیلاب کو اگلے دو ہفتوں کے اندر امدادی چیکس فراہم کر دیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملکی ترقی کے لیے سیاسی اور عسکری قیادت یکساں فیصلے کر رہی ہے، مگر جیل میں قید لوگ ان حقائق سے بے خبر ہیں۔ انہوں نے شہباز شریف کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
مزید کہا کہ ریاض میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدے پر عوام نے خوشی کا اظہار کیا۔ پاکستان نے واضح کیا ہے کہ سعودی عرب پر کسی بھی حملے کو پاکستان پر حملہ تصور کیا جائے گا، اور اب مکہ و مدینہ کی حفاظت کی ذمہ داری پاک فوج ادا کرے گی۔
مریم نواز نے کہا کہ بھارت کے خلاف پاکستان کی کامیابیاں دشمن کبھی فراموش نہیں کر پائے گا۔ ان کے مطابق، سرگودھا کے شاہینوں نے ہمیشہ پاکستان کو تاریخی فتوحات دلائیں اور آج بھی سرگودھا بہادری کی علامت ہے۔
تقریب سے قبل وزیراعلیٰ نے کلین گرین پنجاب پروگرام کے تحت سرگودھا میں گرین بس سروس کا افتتاح کیا، جو شہر سمیت 6 تحصیلوں کے مختلف روٹس پر چلائی جائے گی۔ جنرل بس اسٹینڈ پر بسوں کی چارجنگ کے لیے خصوصی پوائنٹس بھی قائم کیے گئے ہیں۔








