ملتان(وقائع نگار) روزنامہ قوم کی خبر پر ایکشن، سیکرٹری ہیلتھ پنجاب نے چوہدری پرویز الٰہی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی ملتان کے ایک ایم ایس/ ڈائریکٹر ٹیکنیکل اور اس کے فرنٹ مین سٹور کیپر کا تبادلہ کر دیا واضح رہے کہ سابق سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب علی جان کا رشتہ دار ڈاکٹر فرحان خان گزشتہ دس سال سے کارڈیالوجی ہسپتال کے مالی و انتظامی امور پر بدستور قابض تھا۔اپنی تعیناتی کے دوران اربوں روپے کی ادویات و سرجیکل آئٹمز کی خریداری کا ٹھیکہ مخصوص نجی فارما کمپنی کو دینا معمول بنا رکھا تھا ۔جبکہ ” ڈاکٹر نے اپنا” حصہ محفوظ بنانے کیلئے ہسپتال کے پرچیز آفیسر خضر کو فرنٹ مین بنایا ہوا تھا۔ خان پلازہ روڈ پر واقع نجی بینک کے لاکرز میں فرنٹ مین خضر عباس نے کروڑوں روپے چھپائے ہوئے تھے۔ ذرائع نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا تھا کہ اے ایم ایس ڈاکٹر فرحان خان تقریبا ًگزشتہ دس سالوں سے کارڈیالوجی ہسپتال میں مسلسل تعینات ہے ۔جو سابق سیکرٹری پرائمری ا ینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب علی جان کا رشتہ دار ہے جبکہ پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والی ایک سیاسی شخصیت سے بھی ڈاکٹر فرحان خان کی رشتہ داری ہے۔ ڈاکٹر فرحان خان نے ملتان کی نجی فارما کمپنی کے مالک جو آج کل نشتر ہسپتال میں بھی سرجیکل و ادویات کی ٹھیکے داری کا کام کر رہا ہے ۔اسکی کمپنی میں اپنا حصہ بھی خفیہ طور پر رکھا ہوا تھاجس کی واضح مثال یہ ہےکہ ڈاکٹر فرحان خان بدلے میں اس نجی فرم کے آرڈرز سے لیکر بلوں کی کلیئرنس تک کی مکمل سروس فراہم کرتا دکھائی دیتا ہے ۔کمائی والے ٹینڈرز میں کسی بھی باہر کی کمپنی کو ہسپتال کے ٹینڈر نہیں لینے دیتے تھے۔سب کو ٹیکنیکل طریقے سے آؤٹ کر دیتے تھے تاکہ سب کو لگے کہ میرٹ ہوا ہےجبکہ اس کام کو سر انجام دینے کیلئے ڈاکٹر فرحان خان نے خضر عباس نامی شخص کو عرصہ دراز سے پرچیز سیکشن کا انچارج بنوایا ہوا تھا جو بڑی خاموشی سے انتظامی ڈاکٹروں کی خدمت کر رہا تھا۔ ذرائع کے مطابق خضر کے بارے یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ اس نے ملتان خان پلازہ روڈ پر واقع نجی بینک میں لاکر بھی حاصل کیا ہوا ہے ۔جہاں وہ کروڑوں روپے کی نقدی کو محفوظ رکھتا تھاتاکہ کسی کو کانوں کان خبر نہ ہوکہ خضر عباس ڈاکٹر فرحان کا فرنٹ مین ہے ۔ہر دور میں ڈاکٹر فرحان خان ایم ایس شپ خود کاٹتے رہے۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور ایم ایس ہمیشہ اسی کے تابعدار رہتے تھےجن کا حصہ باحفاظت انکو پہنچ رہا تھا۔روزنامہ قوم کی خبر پر ایکشن لیتے ہوئے سیکرٹری ہیلتھ پنجاب نے ڈائریکٹر ٹیکنیکل/اے ایم ایس ڈاکٹر فرحان خان کا تبادلہ ایڈیشنل پرنسپل میڈیکل آفیسر نارووال کر دیا ہے جبکہ چوہدری پرویز الٰہی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی ملتان کے سٹور کیپر خضر عباس کو سیکرٹری ہیلتھ پنجاب نے فوری طور پر رپورٹ کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
