آج کی تاریخ

ایمرسن: ڈاکٹر رمضان کا اسسٹنٹ رجسٹرار بھرتی کیلئے چہیتوں کا چوکا، معاملہ عدالت پہنچ گیا

ملتان (وقائع نگار) ایمرسن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان نے غیر قانونی اور نامکمل سلیکشن بورڈ تشکیل دے کر سابق وائس چانسلر ایمرسن یونیورسٹی کی بیٹی ،ڈپٹی رجسٹرار کے بھائی سابق کنٹرولر سرگودھا یونیورسٹی کی بیٹی کو اسسٹنٹ رجسٹرار بھرتی کر لیا گیا ۔معاملہ ہائیکورٹ پہنچ گیا۔تفصیل کے مطابق ایمرسن یونیورسٹی میں اسسٹنٹ رجسٹرار کی چار اسامیوں کے لیے امیدواروں سے درخواستیں طلب کی گئیں۔ امیدواروں کی تعیناتی کے لیے 25 اکتوبر 2024 کو غیر قانونی اور نامکمل سلیکشن بورڈ تشکیل دیا گیا کیونکہ اس بورڈ میں مستقل ممبر ڈاکٹر زاہد حسین کھنڈ اور ڈاکٹر جمال ناصر خٹک شریک نہیں ہوئے اس لیے بورڈ نامکمل تھا ۔رجسٹرار سیکرٹری بورڈ ہوتا ہے نہ کہ ممبر بورڈ مگر رجسٹرار محمد فاروق نے بطور ممبر شرکت کی وہ انٹرویو لینے کے مجاز نہیں، صرف کارروائی نوٹ کر سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ جس ممبر کا کوئی رشتے دار انٹرویو دے رہا ہو اس بورڈ میں وہ شخص شرکت نہیں کر سکتا ۔اس بورڈ میں رجسٹرار محمد فاروق کا بھانجا ،داماد اور دوسرے قریبی رشتے دار امیدوار تھے۔ سلیکشن بورڈ میں ٹاپ 20 امیدواروں کو ہی انٹرویو کے لیے بلایا جانا تھا مگر 220 امیدواروں کو بلایا گیا۔ زریاب بشیر گجر ولد بشیر احمد گجر سابق کنٹرولر سرگودھا یونیورسٹی جن کا میرٹ لسٹ میں نام 136 نمبر پر تھا انہیں سلیکٹ کر لیا گیا۔ اسی طرح وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان کے قریبی رشتے دار اور بیٹی کے سسرال کے رشتے دار امیدوار تھے۔ ایمرسن ایکٹ کے مطابق وہ بطور وائس چانسلر سلیکشن بورڈ کو چیئر نہیں کر سکتے تھے مگرانہوںنے بورڈ کو چیئر کیا جو خلاف قانون اور خلاف میرٹ ہے۔ وی سی کی قریبی عزیزہ و سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نوید گجر کی بیٹی نویرا گجر جن کا میرٹ لسٹ میں 168 نمبر تھا اسے بھی سلیکٹ کر لیا گیا۔ شعبہ انگریزی کے ٹیچر کو اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے نہ صرف ڈپٹی رجسٹرار تعینات کیا گیا بلکہ سلیکشن بورڈ کی کارروائی کا غیر قانونی کنوینر بھی بنا دیا جو کال لیٹر ،سکروٹنی ،ممبر بورڈ ،ایکسپرٹس اور دوسری تمام کارروائی مکمل کرتا رہا ۔ڈپٹی رجسٹرار کے دو سگے بھائی محمد اسحاق اور محمد اشفاق خود امیدوار تھے۔ محمد اشفاق میرٹ لسٹ پر 156 اور محمد اسحاق کا میرٹ لسٹ پر 176 نمبر تھا ،محمد اشفاق کوبھرتی کر لیا گیا۔ رجسٹرار نے ایکسپرٹ ممبر میں ریٹائرڈ پروفیسر سرگودھا یونیورسٹی غلام علی بھٹی کو رکھا جو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان اور رجسٹرار محمد فاروق کا قریبی رشتے دار ہیں جس کی منظوری کسی سلیکشن بورڈ ،سنڈیکیٹ سے نہیں لی گئی۔ ایک امیدوار نے مذکورہ غیر قانونی سلیکشن بورڈ کے خلاف لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ میں رٹ دائر کر دی ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں