اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اگر پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات ہوتے ہیں تو تین بنیادی نکات—کشمیر، دہشتگردی اور پانی—مرکزی موضوع ہوں گے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان اور بھارت کو مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ایک اہم موقع میسر آیا ہے۔ خواجہ آصف نے واضح کیا کہ دہشتگردی گزشتہ کئی دہائیوں سے جاری ہے اور پاکستان اس کا سب سے بڑا نشانہ رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکی صدر کی جانب سے کشمیر پر گفتگو ایک اہم پیشرفت ہے، جس میں یہ زور دیا گیا کہ مسئلہ کشمیر بھی مذاکرات کا حصہ ہونا چاہیے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ افسوسناک امر یہ ہے کہ جو ملک خود دہشتگردی کا شکار ہے، اس پر ہی الزام لگا کر حملہ کیا جائے۔
یاد رہے کہ 10 مئی بروز ہفتہ بھارتی جارحیت کے بعد پاکستان نے فوری اور بھرپور جوابی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں چند گھنٹوں بعد جنگ بندی عمل میں آئی۔ یہ جنگ بندی بھارت کی درخواست پر ہوئی جبکہ امریکا نے ثالثی کا کردار ادا کیا۔
