یو ای ٹی لاہور،تنخواہ اضافہ بند ،نئے سی سی نے عملے کو چیئر ٹی سے کھانے پر مجبور کر دیا

ملتان (سٹاف رپورٹر ) پاکستان کی قدیم اور سب سے بڑی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کے نئے تعینات ہونے والے وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیر یونیورسٹی میں کام کرنے والے اساتذہ کرام، ملازمین، ریٹائرڈ پروفیسرز اور ملازمین کیلئے عذاب بن گئے۔ ایک جنرل کیٹگری کی یونیورسٹی، یونیورسٹی آف پنجاب سے وارد ہونے والے پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر انجینئرنگ یونیورسٹی میں کام کرنے والے ملازمین کے مسائل کو نہ سمجھ سکے اور دو ہی مہینے میں ان کی تنخواہوں میں اضافہ نہ ہونے دیا۔ نئے تعینات ہونے والے وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیر نے یونیورسٹی میں کام کرنے والے ملازمین کو اس قدر قرضوں میں ڈبو دیا ہے کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ انجینئرنگ یونیورسٹی لاہور کے ملازمین اپنا روزانہ کا کھانا بھی لاہور میں چیئرٹی کے دسترخوانوں سے کھانے پر مجبور ہیں ۔ڈاکٹر شاہد منیر کو شائد اپنے ملازمین کی ان پریشانیوں اور مجبوریوں کا احساس نہیں ہے۔ مسلسل چھ ماہ گزرنے کے باوجود تاریخ میں پہلی بار ڈاکٹر شاہد منیر کے دور میں انجینئرنگ یونیورسٹی لاہور کے ملازمین تنخواہوں میں اضافہ نہ حاصل کر سکے ۔ایک ملازم نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ انجینئرنگ یونیورسٹی لاہور کی تاریخ میں بہت بار نامساعد حالات آئے مگر وائس چانسلر صاحبان کی دور اندیشی اور لیڈرشپ سے وہ مسائل دور کئے گئے مگر ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کبھی نہ روکا گیا۔ ڈاکٹر شاہد منیر کی وجہ سے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ رکنے سے ملازمین نہایت پریشان اور چانسلر انجینئرنگ یونیورسٹی لاہور گورنر پنجاب سے درخواست کرتے ہیں کہ ہمارے یہ مسائل حل کئے جائیں ورنہ ہم راست اقدام پر مجبور ہو جائیں گے۔ اسی حوالے سے ایڈمنسٹریٹو سٹاف ایسوسی ایشن، ٹیکنیکل سٹاف ایسوسی ایشن ، منسٹر سٹاف ایسوسی ایشن اور سی کلاس ایسوسی ایشن نے متعدد بار وائس چانسلر انجینئرنگ انجینئرنگ یونیورسٹی لاہور کو اپنے ان مسائل سے آگاہ کیا مگر نئے تعینات ہونے والے وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیر نے یہ اضافہ دینے سے صاف انکار کر دیا اور کہا یہ ایک خود مختار ادارہ ہے حالانکہ ملک کے باقی تمام خود مختار ادارے اور یونیورسٹیاں اپنے ملازمین کو ایڈہاک ریلیف 2024 پہلے ہی دے چکے ہیں اور ان اداروں اور یونیورسٹیوں میں ملازمین نہایت توجہ اور محنت سے اپنی ڈیوٹیاں سرانجام دے رہے ہیں۔ حیران کن طور پر ڈاکٹر شاہد منیر یونیورسٹی آف پنجاب سے انجینئرنگ یونیورسٹی میں آئے ہیں تو یونیورسٹی آف پنجاب کے بھی نئے تعینات ہونے والے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شاہ جو کہ نہایت ہی رحم دل اور شفیق انسان ہیں ملک کی سب سے بڑی جنرل کیٹگری کی یونیورسٹی آف پنجاب کے تمام ملازمین کو یہ اضافہ پہلے ہی دے چکے ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں