راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت نے خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کر دی ہے۔ یہ اقدام تھانہ حسن ابدال میں درج گھیراؤ جلاؤ کے مقدمے میں ان کی مسلسل غیر حاضری کے باعث اٹھایا گیا ہے۔
عدالت نے کیس کی سماعت کے دوران وزیر اعلیٰ کو حکم دیا ہے کہ وہ 21 جنوری 2025 تک عدالت میں پیش ہوں، بصورت دیگر انہیں اشتہاری قرار دے دیا جائے گا۔ عدالت نے واضح کیا کہ مسلسل عدم حاضری عدالتی کارروائی میں رکاوٹ پیدا کر رہی ہے اور قانون کے مطابق ایسے افراد کے خلاف سخت اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔
یہ مقدمہ تھانہ حسن ابدال میں گھیراؤ جلاؤ کے الزامات پر درج کیا گیا تھا، جس میں علی امین گنڈا پور کے مبینہ کردار کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ عدالت نے اس حوالے سے تمام متعلقہ اداروں کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ وزیر اعلیٰ کی عدالت میں حاضری یقینی بنانے کے لیے قانونی تقاضے پورے کریں۔






