میزائل پروگرام پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، امریکی پابند یاں مسترد کرتے ہیں :وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے میزائل پروگرام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور اس پر عائد امریکی پابندیاں بلاجواز ہیں۔
کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ دہشت گرد حملے میں ہمارے 17 جوان شہید ہوئے، ان کے لیے دعا کی جائے۔ اجلاس کے شرکاء نے شہداء کے لیے دعائے مغفرت کی۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ حملہ کرنے والے دہشت گردوں میں سے آٹھ کو ہلاک کر دیا گیا، جبکہ سپہ سالار خود وانا جا کر فورسز کی حوصلہ افزائی کر چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک ترقی اور خوشحالی کے ثمرات عوام تک نہیں پہنچ سکیں گے۔ اس مقصد کے لیے صوبوں کے ساتھ مل کر تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ وزیراعظم نے عزم ظاہر کیا کہ دہشت گردوں کا خاتمہ کیے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات میں بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے حالات مختلف ہیں، تاہم دونوں جگہ انسانی جانوں کا ضیاع افسوسناک ہے۔ کرم میں فرقہ وارانہ جھگڑوں پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر خیبرپختونخوا حکومت بروقت اقدامات کرتی تو نقصان کم ہوتا۔

وزیراعظم نے میزائل پروگرام پر امریکی پابندیوں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا ایٹمی اور میزائل پروگرام دفاعی قوت کے لیے ہے، اس کا مقصد کسی پر جارحیت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام 24 کروڑ عوام کا ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

شہباز شریف نے کہا کہ قومی مفاد کا تقاضا ہے کہ ذاتی مفادات کو پس پشت ڈال کر یکجہتی کے ساتھ آگے بڑھا جائے۔ انہوں نے پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات کا ذکر کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دونوں فریق ملک کے بہترین مفاد میں کسی مثبت نتیجے پر پہنچیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت اور پی ٹی آئی کو خلوص نیت کے ساتھ کام کرنا ہوگا تاکہ ملک میں استحکام اور ترقی کا پہیہ تیزی سے چل سکے۔ انہوں نے کہا کہ کامیابی کے لیے دونوں جانب سے سنجیدہ کوششیں ضروری ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں