کراچی: جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی نے پروفیسر ڈاکٹر نگہت شاہ کی ریٹائرمنٹ اور اس کے فوراً بعد تین سالہ کنٹریکٹ پر تقرری سے متعلق دو الگ نوٹیفکیشن جاری کردیئے ہیں۔
یونیورسٹی کی جانب سے سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی صاحبزادی پروفیسر ڈاکٹر نگہت شاہ کو سرکاری ملازمت سے ریٹائرمنٹ کے فوری بعد مزید تین سال کے لیے کنٹریکٹ پر پروفیسر آف گائناکالوجی کے طور پر خدمات جاری رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ جے ایس ایم یو نے ڈاکٹر نگہت شاہ کی ریٹائرمنٹ اور ریٹائرمنٹ کے اگلے ہی روز کنٹریکٹ پر خدمات جاری رکھنے کے حوالے سے الگ الگ نوٹیفکیشن جاری کیے ہیں۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر نگہت شاہ کو اکتوبر 2025 میں جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کا پرو وائس چانسلر مقرر کیا گیا تھا۔ ان کی اس عہدے پر تقرری کی مدت ریٹائرمنٹ کی تاریخ تک مقرر کی گئی تھی۔
یونیورسٹی کے تازہ کنٹریکٹ نوٹیفکیشن کے مطابق پروفیسر نگہت شاہ کو مزید تین سال کے لیے پروفیسر آف گائناکالوجی کے عہدے پر خدمات جاری رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔
جے ایس ایم یو کے رجسٹرار ڈاکٹر اعظم خان کی جانب سے جاری ریٹائرمنٹ نوٹیفکیشن کے مطابق پروفیسر آف گائناکالوجی اینڈ آبسٹیٹرکس (BPS-21) اور پرو وائس چانسلر ڈاکٹر نگہت شاہ 12 اگست 2026 کو دوپہر کے وقت سرکاری ملازمت سے ریٹائر ہوگئیں۔
نوٹیفکیشن میں 6 اکتوبر 2025 کو جاری ہونے والے ان کی بطور پرو وائس چانسلر تقرری کے نوٹیفکیشن کا بھی حوالہ دیا گیا ہے، جس کے مطابق ان کی تعیناتی مدت ملازمت مکمل ہونے تک تھی۔
دوسری جانب یونیورسٹی کے کنٹریکٹ سے متعلق نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ حکومت سندھ کے فیصلے اور مجاز اتھارٹی یعنی سنڈیکیٹ کی منظوری کے بعد پروفیسر نگہت شاہ کو جے ایس ایم یو میں پروفیسر آف گائناکالوجی (BPS-21) کی حیثیت سے مزید تین سال کے لیے کنٹریکٹ پر خدمات جاری رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ان کا نیا کنٹریکٹ 13 اگست 2026 سے نافذ العمل ہوگا، یعنی ریٹائرمنٹ کے اگلے ہی روز سے۔
اس طرح یونیورسٹی کے جاری کردہ دونوں نوٹیفکیشنز کے مطابق ڈاکٹر نگہت شاہ 12 اگست کو سرکاری ملازمت سے ریٹائر ہوئیں اور کسی وقفے کے بغیر 13 اگست سے تین سالہ کنٹریکٹ کے تحت اسی یونیورسٹی میں پروفیسر آف گائناکالوجی کے طور پر اپنی خدمات جاری رکھیں گی۔







