ملتان؛ڈینگی ورکرز کا احتجاج جاری ،حکام ناکام ،سلمان نعیم کی معاملہ حل کرانے کی یقین دہانی

ملتان ( ایڈیٹر رپورٹنگ) محکمہ صحت کے 700 ڈینگی ورکرز نے نوکریوں سے نکالے جانے اور تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف تیسرے روز بھی سی ای او ہیلتھ آفس ملتان کے باہر احتجاج اور دھرنا دیا، ورکرز کے ایک وفد نےرکن صوبائی اسمبلی شیخ سلمان نعیم سے بھی ملاقات کی ، مطالبات سے آگاہ کیا ، سلمان نعیم نے جلد معاملہ حل کرانے کی یقین دہانی کرا دی، محکمہ صحت حکام اور ضلعی انتظامیہ مظاہرین کو احتجاج ختم کرنے پر تیسرے روز بھی قائل نہ کرسکی ۔ تفصیل کے مطابق محکمہ صحت کے 700 ڈینگی ورکرز نے تیسرے روز بھی سی ای او ہیلتھ آفس کے باہر دھرنا دیا اور اپنے مطالبات کے حق میں پرامن احتجاج اور نعرے بازی کی۔ سردی سے بچاؤ کے لئے انہوں نے دریاں بچھائیں اور شامیانے لگا رکھے تھے جبکہ تمام ورکرز نے اپنی مدد آپ کے تحت کھانے اور پانی کا بھی انتظام کیا۔ احتجاج کی وجہ سے کچہری چوک اور گھنٹہ گھر کے درمیان ٹریفک کی روانی متاثر رہی۔ جس کی وجہ سے شہریوں کو آمدورفت میں پریشانی اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ گزشتہ روز ڈینگی ورکرز کے ایک وفد نے ایم پی اے شیخ سلمان نعیم سے بھی ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور اپنے مطالبات سے آگاہ کیا ،ڈینگی ورکرز نے بتایا کہ شیخ سلمان نعیم نے ان کو دو روز کے اندر معاملہ حل کرانے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ ڈینگی ورکرز کا کہنا ہے کہ ان کو پانچ ماہ کی تنخواہیں فوری طور پر ادا کی جائیں اور انہیں فارغ کرنے کے بجائے ریگولر کیا جائے اگر ان کے مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو وہ احتجاج جاری رکھیں گے ۔ ان کا کہنا ہے آج بروز جمعرات بھی صبح نو بجے سے رات نو بجے تک احتجاج کیا جائے گا ۔

شیئر کریں

:مزید خبریں