ملتان (ریسرچ سیل) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کے نئے تعینات ہونے والے وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیر کا ایک مبینہ گٹھ جوڑ سامنے آ گیا۔ پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے سابق چیئرمین ڈاکٹر شاہد منیر سیاسی اثر و رسوخ کے باعث 2 یونیورسٹیوں میں وائس چانسلر کی تعیناتی کروانے میں کامیاب ہوئے اور لاہور کی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں اپنی تعیناتی مینج کر لی۔ مگر اس کے ساتھ ہی ڈاکٹر شاہد منیر جو کہ پی ایچ ڈی کیمیکل انجینئرنگ ہیں اور چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن بھی رہے ہیں، نے یو ای ٹی میں تعیناتی کے ساتھ ہی پنجاب ہا ئر ایجوکیشن کمیشن کے ڈائریکٹر کو یو ای ٹی کا پی آر او نامزد کر لیا۔ ڈائریکٹر پنجاب ہا ئر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر تنویر قاسم جو کہ یو ای ٹی میں اسلامیات ڈیپارٹمنٹ میں اسسٹنٹ پروفیسر ہیں اور پنجاب ہا ئر ایجوکیشن کمیشن میں ڈیپوٹیشن پر ڈائریکٹر تعینات رہے جنہوں نے یو ای ٹی میں دوبارہ جوائننگ ہی نہ دی مگر نئے وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیر نے قانون کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے ڈاکٹر تنویر قاسم کو اپنا پی آر او مقرر کر رکھا تھا۔ روزنامہ قوم کے خصوصی ریسرچ سیل نے ایک خبر کے حوالے سے وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیر سے 2 دسمبر کو رابطہ کیا تو انہوں نے ڈاکٹر تنویر قاسم پی آر او سے رابطہ کرنے کو کہا۔ مگر روزنامہ قوم کی مصدقہ اطلاعات کے مطابق ڈاکٹر تنویر قاسم نے دوبارہ جوائننگ نہ دی تھی۔ یاد رہے کہ ڈاکٹر تنویر قاسم اس وقت پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن سے ڈیپوٹیشن پر تقریباً 4 لاکھ کے قریب تنخواہ وصول کر رہے تھے اور یو ای ٹی لاہور کے تمام ملازمین کو دباؤ میں لانے کے لیے نئے تعینات ہونے والے وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیر کو بھی دباؤ میں لا کر بغیر جوائننگ دیے پی آر او کا عہدہ حاصل کر چکے تھے۔ اس بارے میں جب ڈاکٹر تنویر قاسم سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ میں 10 سال یو ای ٹی کا پی آر او رہ چکا ہوں۔ میں 6 وی سیز کے ساتھ بطور پی آر او کام کر چکا ہوں۔ میں نے 15 سال میڈیا رپورٹنگ بھی کی ہے۔ میری صحافتی خدمات کے اعتراف میں لاہور پریس کلب نے مجھے لائف ممبر بنایا ہے۔ اس بارے میں جب ڈاکٹر شاہد منیر وائس چانسلر یو ای ٹی لاہور سے رابطہ کیا گیا تو ان کا موقف تھا کہ یہ خبر غلط ہے۔ وہ دوبارہ جوائن کر چکے ہیں۔ ڈاکٹر تنویر قاسم کے حوالے سے ان کے متعلقہ ڈیپارٹمنٹ آف اسلامک سٹڈیز سے 5 دسمبر کو رابطہ کیا گیا تو ان کا موقف تھا کہ تاحال ڈاکٹر تنویر قاسم نے دوبارہ جوائن نہیں کیا۔ وہ ابھی بھی ڈیپوٹیشن پر ہی ہیں۔ پنجاب ہا ئر ایجوکیشن کمیشن کے موقف کے مطابق ڈاکٹر تنویر قاسم ابھی بھی انہی کے پاس ڈیپوٹیشن پر ہی ہیں۔ پی آر او یو ای ٹی کے حوالے سے وائس چانسلر یو ای ٹی لاہور کو 5 دسمبر کو خبر موقف کے لیے بھیجی گئی تو رجسٹرار آفس کے ایک اہم عہدیدار کے مطابق وائس چانسلر نے پول کھلنے پر ڈاکٹر تنویر قاسم کی جوائننگ پرانی تاریخ سے کروا کر گزشتہ روز 6 دسمبر کو یونیورسٹی کے تمام ملازمین کو آگاہ کر دیا ہے۔






