ملتا ن (ایڈیٹر رپورٹنگ ) ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت ضلع ملتان میں اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت قرضہ فراہمی کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے اس سلسلے میں پہلی قرعہ اندازی میں 270 کامیاب شہریوں کو بلاسود قرضے کی پہلی قسط جاری کر دی گئی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام رضا ہال میں پر وقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر چیئرمین وزیراعلیٰ پنجاب مانیٹرننگ کمیٹی ملتان و ایم پی اے سلمان نعیم اراکین اسمبلی محمد نازک کرم ،ملک لعل محمد جوئیہ ،محمد اقبال سراج اور ملک واصف راں شریک ہوئے جبکہ ٹکٹ ہولڈرزرانا اعجاز نون،شیخ طارق رشید،بابر حسین،شہزاد مقبول بھٹہ اور حاجی جاوید اختر انصاری سمیت سول سوسائٹی اور سیاسی شخصیات نے بھی شرکت کی ۔تقریب میں اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت قرضہ جات حاصل کرنے والے شہریوں میں لیٹر تقسیم کئے گئے جبکہ اراکین اسمبلی و ٹکٹ ہولڈر نے اپنے حلقے کے شہریوں میں قرضہ کے لیٹر تقسیم کئے اور مبارک باد پیش کی۔ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہلے مرحلے میں 270 شہریوں کو بذریعہ قرعہ اندازی گھر کیلئے قرضہ جات فراہمی کا حقدار قرار دیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے قرعہ اندازی کا تمام عمل انتہائی شفاف طریقے سے پایہ تکمیل تک پہنچایا گیا تاکہ حقداروں کو ان کا حق فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے وژن کے تحت دوسرا مرحلہ بھی جلد شروع کیا جارہا ہے جبکہ بلاسود قرضوں کی فراہمی سے گھروں کی تعمیر شروع کرنے کا خواب پورا ہوگا۔ایم پی اے سلمان نعیم نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے زبانی دعوئوں کے بجائے ایک سال میں اپنے گھروں کی فراہمی کا وعدہ پورا کیا ۔عوامی مفاد میں وزیراعلیٰ پنجاب سے پروگرام کا دائرہ کار مزید بڑھانے کی درخواست کرینگے۔اس موقع پر اراکین اسمبلی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بے گھر افراد کیلئے قرضہ جات فراہمی کا پروگرام براہ راست ریلیف کا ذریعہ ہے جبکہ لاکھوں گھروں کو تعمیر سے معیار زندگی بہتر اور معاشی پہیہ چلے گا۔اس موقع پر قرضہ جات حاصل کرنے والے شہریوں نے حکومت پنجاب کو خصوصی خراج تحسین بھی پیش کیا۔
سلمان نعیم






