چور چوری سے جائے ہیرا پھیر سے نہ جائے۔۔۔۔منشیات،قبضہ کے بعدبجلی بھی چوری
لاکھوں روپے ماہانہ بجلی چوری، ماضی کے منشیات فروش 12 گھوڑے والے کے پوتے طلحہ ولد شیخ اکبر کے خلاف ایس ڈی اونے مقدمےکی درخواست دی
پولیس چار دن تک ایف آئی آر درج کرنے میں بہانے تلاش کرتی رہی مگر میپکو حکام کے دبائو پر بالآخر گذشتہ روز ایف آئی آر درج کرنا پڑی
نوے کی دہائی میں 12 گھوڑے والوں کا ملتان میں منشیات اور قبضہ کا بہت بڑا نیٹ ورک تھا، دھونس‘ دھاندلی کے کاروبار میںتیسری نسل داخل
ملتان ( سٹاف رپورٹر ) چور چوری سے جائے ہیرا پھیر سے نہ جائے۔ میپکو کے سب ڈویژنل آفیسر شکیل احمد کی طرف سے لاکھوں روپے ماہانہ بجلی چوری کرنے پر ملتان کے ماضی کے منشیات فروش 12 گھوڑے والے کے پوتے طلحہ ولد شیخ اکبر کے خلاف بجلی چوری کا تھانہ ممتاز آباد میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔ تھانہ ممتاز آباد میں درج ایف آئی آر نمبر 797/24 مورخہ 28 مارچ 24 بروز جمعرات درج کی گئی جبکہ اندراج مقدمہ کے لئے ایس ڈی او میپکو شکیل احمد پاشا کی طرف سے 23 مارچ کو درخواست دی گئی تھی کہ موقع پر بجلی چوری پکڑی گئی اورجس وقت بجلی چوری کی جا رہی تھی وہاں شیخ اکبر کا بیٹا طلحہ اکبر موجود تھا۔ پولیس چار دن تک ایف آئی آر درج کرنے میں بہانے تلاش کرتی رہی مگر میپکو حکام کے دبائو پر بالآخر گذشتہ روز پولیس کو ایف آئی آر درج کرنا پڑی۔ یاد رہے کہ نوے کی دہائی میں 12 گھوڑے والوں کا ملتان میں منشیات اور قبضہ کا بہت بڑا نیٹ ورک تھا اور آج سے 25 سال قبل ان کی تیار کردہ زہریلی شراب سے 34 افراد عید کے دن موت کے منہ میں چلے گئے تھے جس پر اس خاندان کے اہم لوگ جیلوں میں کئی ماہ تک قید رہے۔ بعد ازاں انہوں نے بتدریج جعلی شراب کا دھندہ چھوڑ دیا اور ملتان کا ایک بڑا قبضہ گروپ بنا لیا تھا۔ دھونس‘ دھاندلی اور قبضہ کے کاروبار میں اب ان کی تیسری نسل داخل ہو رہی ہے۔







