قاتل پارٹی کی کوٹ ادومیں پریس کانفرنس،ملزم رانامعاذ کے ملتان میں شاپنگ کے ثبوت پیش،مقتول پارٹی کے پاس وقوعہ پرموجودگی کی لوکیشن
رانا معاذ ہتھیار رکھنے کا شوقین ، چوک سرور میں اوباش لڑکوں کا گینگ بنا رکھا ،امام مسجدکابیٹافخرالملک بھی شامل،ڈی پی اونے تفتیش سنبھال لی

ملتان(سٹاف رپورٹر) چوک سرور شہید میں اوباش نوجوانوں کے ہاتھوں ناپاک عزائم میں ناکامی کے بعداذیت د ے کر قتل کئے جانے والے13 سالہ معصوم بچے محمد صائم کے قتل کے حقائق روزنامہ’’قوم‘‘ کی طرف سے 22 مارچ کی اشاعت میں منظر عام پر لائے جانے کے بعد ڈی پی او مظفر گڑھ سید حسنین حیدر نے معاملہ اپنے ہاتھ میں لیتے ہوئے مقتول پارٹی کو فوری طور پر مظفر گڑھ طلب کر لیا تا کہ وہ حقائق سے آگاہ ہو سکے۔22 مارچ کی اشاعت میںروزنامہ’’قوم‘‘ نے جن خدشات کا اظہار کیا تھا وہ 100 فیصد درست ثابت ہوئے اور گزشتہ سہ پہر قاتل پارٹی نے کوٹ ادو میں پریس کانفرنس کر کے صحافیوں کو ثبوت پیش کئے کہ عصر اور مغرب کے درمیان ان کا بیٹا اور محمد صائم کا قاتل رانا معاذ جہانزیب ملتان میں شاپنگ کر رہا تھا۔ دوسری طرف مقتول پارٹی کے پاس قاتل رانا معاذ کا جو ریکارڈ ہے اس کے مطابق قتل کے آدھا گھنٹہ بعد تک وہ چوک سرور شہید میں ہی موجود تھا۔ اس کے موبائل کی جو لوکیشن حاصل کی گئی ہے وہ 20 میٹر کے دائرے میں ہے ۔ عین اسی جگہ قاتل کی موجودگی ظاہر کرتی ہے جس جگہ سے محمد صائم کی تشدد زدہ لاش ملی۔ یاد رہے کہ13 سالہ محمد صائم کو مسجد سے نکلتے ہوئے امام مسجد قاری یوسف کا بیٹا فخر الملک ورغلا کر کھیلنے کے بہانے مدرسے سے ملحقہ کمرے میں لے گیا تھا۔ جہاں اس نے ٹیلی فون کر کے رانا معاذ کو بھی بلا لیااور دونوں نے اپنے گھنائونے عزائم کی تکمیل نہ ہونے اور سخت مزاحمت کرنے پر پہلے تو محمد صائم کو نیچے گرا کر چہرے پر ٹھڈے مارے جب اس نے چیخ وپکار کی تو رانا معاذ نے اپنے ریوالور منہ میں رکھ کے فائر کر دیا۔ جس پر وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔قاتل کمرے کو تالا لگا کر بھاگ گئے۔ رانا معاذ نے فوری طور پر صورتحال سے اپنے باپ کو آگاہ کیا جنہوں نے اسے ڈبل کیبن ڈالے میں بٹھا کر ملتان روانہ کر دیا اور اس نے ہیڈ محمد والا کے مقام پر اپنی ایک تصویر بھی بھیجی اس کے 15 سے20 منٹ بعد سیداں والا بائی پاس کے قریب مال آف ملتان میں اسے داخل کر کے شاپنگ کروائی اور اس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کر لی۔ اس صورتحال کے بعد قاتل کے چچا اور پی ٹی آئی ایم پی اے رانا اورنگزیب کی طرف سے پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ یاد رہے کہ رانا معاذ مختلف قسم کے ہتھیار رکھنے کا شوقین ہے اور اس نے چوک سرور شہید میں اوباش لڑکوں کا ایک
گینگ بنا رکھا ہے اس میں فخر الملک بھی شامل ہے۔ ڈی پی او مظفر گڑھ نے معاملے کے تفتیش اپنے ہاتھ میں لے لی ہے۔








