ملتان میں صبح سویرے دو ٹریفک حادثات، پانچ افراد جاں بحق، متعدد زخمی

ملتان: شہر میں آج صبح دو مختلف ٹریفک حادثات پیش آئے، جن میں پانچ افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ ممتاز آباد فلائی اوور پر پیش آنے والے حادثے کے باعث ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔
ممتاز آباد فلائی اوور پر دو ٹرک اور ایک ٹرالی حادثے کا شکار ہوگئے، جبکہ ایک ٹرک فلائی اوور سے نیچے جاگرا۔ حادثے کے باعث فلائی اوور پر ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہوئی۔
سٹی ٹریفک پولیس ملتان کے مطابق حادثے کے بعد شہریوں کو متبادل راستے استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جاسکے۔
دوسرا حادثہ بوسن روڈ پر سبزہ زار میٹرو اسٹیشن کے قریب پیش آیا، جہاں تیز رفتار ٹویوٹا کرولا بے قابو ہوکر ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ کار میں سوار پانچوں افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی ٹیم جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور کار سے پانچوں جاں بحق افراد کی لاشیں نکال کر نشتر ہسپتال منتقل کردیں۔
دونوں حادثات کے بعد متعلقہ اداروں کی جانب سے ضروری کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں