کراچی: ملک بھر میں آٹے کی قیمتوں میں مزید اضافے کے باعث شہریوں پر مہنگائی کا بوجھ بڑھ گیا ہے، جبکہ کراچی میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 3540 روپے تک پہنچنے کے بعد ملک کے مہنگے ترین شہروں میں آٹے کی قیمت سب سے زیادہ ریکارڈ کی گئی ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات کی دستاویزات کے مطابق کراچی میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 140 روپے اضافہ ہوا، جس کے بعد نئی قیمت 3540 روپے ہوگئی ہے۔
دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ فیصل آباد میں آٹے کا 20 کلو تھیلا 800 روپے مہنگا ہونے کے بعد 3000 روپے تک پہنچ گیا، جبکہ خضدار میں قیمت میں 400 روپے اضافے کے بعد یہی تھیلا 3400 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
لاڑکانہ میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 300 روپے بڑھ کر 3200 روپے ہوگئی، جبکہ حیدرآباد میں 280 روپے اضافے کے بعد قیمت 3480 روپے تک جا پہنچی ہے۔
کوئٹہ میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 190 روپے اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد یہ 3220 روپے میں دستیاب ہے۔ اسی طرح سکھر میں 140 روپے اضافے کے بعد آٹے کے تھیلے کی قیمت 3200 روپے ہوگئی ہے۔
پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی آٹے کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ سرگودھا میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 2933 روپے میں فروخت ہو رہا ہے، جبکہ ملتان میں قیمت 66 روپے بڑھنے کے بعد 2933 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ بہاولپور میں 40 روپے اضافے کے بعد 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 3000 روپے ہوگئی ہے۔
دوسری جانب پشاور میں آٹے کا 20 کلو تھیلا 3300 روپے جبکہ بنوں میں 3200 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں یہی تھیلا 3373 روپے تک پہنچ گیا ہے، جبکہ راولپنڈی میں اس کی قیمت 3333 روپے پر برقرار ہے۔
دستاویزات کے مطابق گوجرانوالہ میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 3000 روپے، سیالکوٹ میں 3133 روپے اور لاہور میں 2300 روپے میں دستیاب ہے۔
آٹے کی قیمتوں میں مختلف شہروں کے درمیان نمایاں فرق اور متعدد علاقوں میں اضافے نے عوام کے لیے بنیادی غذائی ضرورت پوری کرنا مزید مہنگا کر دیا ہے۔







