پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ درفشاں سلیم نے اپنے وزن اور بازوؤں کی ساخت پر تنقید کرنے والے سوشل میڈیا صارفین کو اپنے مخصوص انداز میں جواب دے کر توجہ حاصل کرلی۔
اداکارہ ان دنوں ڈرامہ سیریل ’درِ نجات‘ میں اپنی اداکاری کے باعث خبروں کی زینت بنی ہوئی ہیں، تاہم ڈرامے کی 21ویں قسط میں پہنے گئے ان کے لباس نے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھیڑ دی۔
ڈرامے کے ایک منظر میں درفشاں سلیم بغیر آستین کی شرٹ میں دکھائی دیں، جس کے بعد بعض صارفین نے ان کے بازوؤں اور کندھوں کی ساخت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مذاق اڑانا شروع کردیا۔
یہی نہیں بلکہ کچھ صارفین نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے اداکارہ کی تصاویر میں بڑے مسلز بھی بنا دیے اور انہیں ریسلرز سے تشبیہ دینے لگے۔
سوشل میڈیا پر مسلسل باڈی شیمنگ کا سامنا کرنے کے بعد درفشاں سلیم نے انسٹاگرام پر اپنے لکس اشتہار کی ویڈیو شیئر کی اور طنزیہ انداز میں لکھا، ’’آلویز فیت: اینڈ ڈیٹ از دی ٹوئٹ‘‘۔
اداکارہ کے اس مختصر لیکن معنی خیز ردعمل نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کرلی، جبکہ ان کے جواب کو ان کے انداز میں تنقید کرنے والوں کے لیے ایک طنزیہ پیغام قرار دیا جا رہا ہے۔







