اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) نے خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق صورت حال پر غور کے لیے مرکزی مجلسِ شوریٰ کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔ اجلاس 18 اور 19 اکتوبر کو اسلام آباد میں جماعت کے سب آفس میں منعقد ہوگا، جس کی صدارت جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کریں گے۔
جے یو آئی کے ترجمان اسلم غوری کے مطابق اجلاس میں ملک بھر سے مرکزی مجلسِ شوریٰ کے ارکان شرکت کریں گے، جبکہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کا معاملہ ایجنڈے میں سرفہرست ہوگا۔
ترجمان نے بتایا کہ اجلاس کے دوران خطے کی مجموعی صورت حال اور مشرقِ وسطیٰ میں جاری حالات، بالخصوص حرمین شریفین سے متعلق صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اسلم غوری کے مطابق ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے جماعت کی آئندہ سیاسی حکمت عملی اور مستقبل کے فیصلوں پر غور کیا جائے گا۔ اجلاس میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی کارکردگی کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔
اجلاس کے ایجنڈے میں عوامی حقوق، مہنگائی، بے روزگاری اور دیگر اہم قومی مسائل بھی شامل ہیں۔ اس موقع پر ان معاملات کے حوالے سے جے یو آئی کی جاری تحریک کا جائزہ لینے کے ساتھ مستقبل کے لائحۂ عمل پر بھی مشاورت کی جائے گی۔







