جنوبی پنجاب میں کرپشن خاتمے کے لیے سیکرٹریٹ اور نیب ملتان متحرک، شکایات سیل بنے گا

ملتان (وقائع نگار)جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ اور نیب ملتان کا بدعنوانی کے مستقل خاتمے کے لیے مشترکہ اقدامات کا فیصلہ۔ جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ اور نیب ملتان کے درمیان باہمی تعاون سے بدعنوانی کے مستقل خاتمہ کے لیے موثر اقدامات کرنے ، جنوبی پنجا ب میں ریونیو، تعلیم، صحت، لوکل گورنمنٹ اور دیگر محکموں میں موثر اور شفاف پبلک سروس ڈیلیوری یقینی بنا نے کےلیے اعلیٰ سطحی کمیٹی بنانے ، مشترکہ تعاون سے شکایات سیل قائم کرنے اور سائوتھ پنجاب کرپشن رسک MAPبنانے پر اتفاق ۔تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب فواد ہاشم ربانی کا قومی احتساب بیورو (نیب) ملتان کا دورہ، ڈائریکٹر جنرل نیب ملتان ڈائریکٹر جنرل نیب ملتان عاصم لودھی کے ہمراہ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں سپیشل سیکریٹریز محکمہ ہائیر ایجوکیشن و ہاوسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ جنوبی پنجاب سرفراز احمدو ارشد گوپانگ اور ایڈیشنل سیکریٹری ایس اینڈ جی اے ڈی جنوبی پنجاب ظہور حسین بھٹہ، ڈائریکٹرز نیب رفیع اللہ، عبدالخالق اور ایڈیشنل ڈائریکٹرز توصیف حنیف و محمد اصغر سمیت دیگر افسران شریک ہوئے جبکہ نیب کے فیلڈ افسران نے بذریعہ ویڈیولنک اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس سے خطا ب کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکریٹری جنوبی پنجاب فواد ہاشم ربانی نے کہا کہ نیب معاشرہ سے بدعنوانی اور غیر شفافیت کے خاتمہ کے لیے کرپشن کے ناسور سے نبرد آزما ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں مل کر مستقبل کے تقاضوں کے پیشِ نظر بدعنوانی کو معاشرہ سے مستقل بنیادوں پر جڑسے اکھاڑ پھینکنا ہوگا اور ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کو کرپشن سے پاک معاشرہ دینا ہوگا۔ اجلاس سے خطا ب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل نیب ملتان عاصم لودھی نے کہا کہ نیب ملتان کی جانب سے سرکاری اداروں ، اسکولوں، کالجز اور یونیورسٹیوں میں مسلسل آگاہی سرگرمیاں منعقد کی جارہی ہیں اور جنوبی پنجاب کے مدارس کے طلباو طالبات کو بھی کرپشن بارے آگاہی دینے پر خصوصی فوکس کیا جارہا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں