ملتان (قوم ریسرچ سیل )” بے بس بجلی صارفین کہاں جائیں ، کس سے فریاد کریں،؟”جنوبی پنجاب میں بجلی صارفین کیساتھ ٹیکنیکل فراڈ، نیپر اور میپکواتھارٹی کے احکامات نظرانداز ،خراب میٹرز کی ایم اینڈ ٹی رپورٹ سے پہلے ہی صارفین کو بھاری یونٹس کے ڈٹیکشن بلز چارج،ہرماہ کروڑوں روپے کی اووربلنگ،بے بس صارفین کیساتھ لوٹ مار کی انتہا، ملی بھگت سے بجلی چوری سے ہونے والانقصان بے قصورصارفین سے پوراکئے جانے کیلئے ظالمانہ ہتھکنڈے کاانکشاف ہوا ہے،جنوبی پنجاب میں بجلی صارفین شدید ظلم کا شکار، ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ میپکو ریجن میں بے قصور صارفین کو لوٹنے کے لئے میپکوسب ڈویژنوں کی طرف سے ظالمانہ طریقہ کار اختیار کیا گیا ہے جو نیپرا رولز و پالیسی کی واضح خلاف ورزی ہے بتایا گیا ہے کہ جن صارفین کے میٹرز خراب و جل جاتے ہیں، کسی وجہ سے ٹوٹ جاتے ہیں یا بارش کی وجہ سے خراب ہو جاتے ہیں تو ان صارفین کے میٹرز فوری طور پر تبدیل کرنے اور ایم اینڈ ٹی بھجوانے کی بجائےمیپکو سب ڈویژنوں کے اہلکاران ان میٹروں کو اپنے پاس ہی کئی کئی ماہ تک رکھتے ہیں اور ان صارفین کو من مرضی سے ڈٹیکشن بلز کی مدد میں سینکڑوں و ہزاروں یونٹس چارج کر دیتے ہیں، نیپرا پالیسی کے مطابق صارفین کے خراب ہونے والے میٹرز کو فوری طور پر ایم اینڈ ٹی لیب کو بھجوایا جانا ضروری ہے لیکن ایسا نہیں کیا جاتا۔ ایم اینڈ ٹی صارفین کے میٹرز کی جانچ پرتال کرتی ہے، لیب میں ڈیٹا ریٹریول کیا جاتا ہے، میٹرز کے اندر موجود چپ میں ڈیٹا محفوظ ہوتا ہے جتنے صارف نے یونٹس چلائے ہوں وہ رزلٹ دے دیتے ہیں، ہونا چاہیے کہ ایم اینڈٹی کا جو رزلٹ آئے جو اس میں چپ میں موجود ریڈنگ آئے اس کے مطابق صارفین کو یونٹس چارج کئے جائیں لیکن ایسا نہیں کیا جاتا میٹرز کو بلا جواز کئی کئی ماہ سب ڈویژنوں میں رکھا جاتا ہے اور صارفین کو مسلسل ایوریج/ڈٹیکشن بل بھجوائے جاتے ہیں، صارفین نے چیف ایگزیکٹو میپکو انجینئر جام گل محمد زاہد سے مطالبہ کیا ہے کہ اوور بلنگ کے مرتکب افسران و ملازمین کے خلاف ایکشن لیں، اس حوالے سے رابطہ کرنے پر میپکو حکام نے بتایا کہ میپکو اتھارٹی کی طرف سے واضح ہدایات ہیں کہ خراب میٹرز فوری ایم اینڈٹی بھجوائے جائیں اور ایم اینڈ ٹی رزلٹ کے مطابق بل چارج کئے جائیں اور میٹرز فوری تبدیل کئے جائیں، اس سلسلے میں بے ضابطگیوں کے مرتکب افسران و اہلکاران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔







