ملتان: مالی بے ضابطگیاں، غفلت، افسران کو دھمکیوں پر واسا کا ریکوری افسر معطل

ملتان( خصوصی رپورٹر) واسا ملتان میں ریکوری کے دوران شہریوں سے مبینہ طور پر رشوت طلب کرنے، مالی معاملات میں مبینہ بے ضابطگیوں، فرائض میں غفلت اور افسران کو دھمکیاں دینے کی شکایات پر ریکوری ڈائریکٹوریٹ کے ریکوری انسپکٹر شوکت حمید کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔ ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن واسا ملتان علی باجوہ کی جانب سے جاری کئے گئے لیٹرکے مطابق شوکت حمید کو بدسلوکی کے الزام میں فوری طور پر معطل کیا گیا ہےجبکہ معطلی کے دوران انہیں قواعد کے مطابق قابلِ قبول گزارہ الاؤنس دیا جائے گا اور مزید کارروائی کے لیے باقاعدہ فردِ الزام اور الزامات کی تفصیل الگ سے جاری کی جائے گی۔دفتری حکم میں معطلی کی اطلاع ڈائریکٹر ریکوری، ڈائریکٹر فنانس، ڈپٹی ڈائریکٹر آڈٹ اور متعلقہ اہلکار کو بھی دی گئی ہےجس سے ظاہر ہوتا ہے کہ معاملے کو محکمانہ کارروائی کے مرحلے میں لے جایا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق مذکورہ اہلکار کے خلاف مختلف نوعیت کی شکایات موصول ہوتی رہی ہیںجن میں ریکوری کے دوران شہریوں کو مبینہ طور پر بلیک میل کرنا اور کھلے عام رشوت طلب کرنے کے الزامات بھی شامل ہیں۔ شکایات میں یہ الزام بھی عائد کیا گیا کہ وہ مختلف کاروباری اداروں کے نام پر مالی لین دین میں مبینہ طور پر ملوث رہے اور کمیشن کے نام پر رشوت وصول کرتے رہے جبکہ سرکاری عہدے اور گریڈ کے مقابلے میں مبینہ طور پر غیر متناسب طرزِ زندگی، فرائض میں مسلسل غفلت، بدسلوکی، نااہلی اور اکثر ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنے کے الزامات بھی سامنے آئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ اہلکار کی جانب سے بعض سینئر افسران کو مبینہ طور پر سرعام دھمکیاں بھی دی جاتی رہیں کہ اگر ان کے خلاف کارروائی کی گئی تو متعلقہ افسران کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن واسا ملتان نے واسا کے تمام افسران اور اہلکاروں کو بدعنوانی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ادارے میں بدعنوان عناصر اور مافیا کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں