9 مئی واقعات پرجوڈیشل کمیشن بنایا جائے: بلاول
بلاول بھٹو زرداری نے 9 مئی واقعات کے حوالے سے کہا کہ میں نے سنا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے 9 مئی واقعات کے حوالے سے انکوائری کا مطالبہ کیا ہے، وزیر اعلیٰ اس بات کی یقین دہانی کروائیں کہ انکوائری کے فیصلے کو سب تسلیم کریں گے تو میں اس کی حمایت کرتا ہوں۔اس موقع پر بلاول بھٹو نے وزیر اعظم سے مطالبہ کیا کہ 9 مئی واقعات کے حوالے سے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے اور چیف جسٹس سے درخواست کی جائے کہ وہ اس کمیشن کی سربراہی کریں۔ سائفر کے بارے میں بات ہوئی اور بھٹو صاحب سے موازنہ کیا گیا، بھٹو صاحب نے کہا تھا کہ سینے میں ملکی راز لے کر چلا جاؤں گا۔ عمران خان کی گرفتاری کے اگلے دن سائفر ایک بین الاقوامی اشاعتی ادارے میں شائع ہوگیا۔کیا آپ سمجھتے ہیں کہ پاکستان کے عوام بیوقوف ہیں؟ سائفر کی تحقیقات ہونی چاہیے، آئین سب کے لیے ہے، اگر کوئی بھی آئین کی خلاف ورزی کرئے تو اس کو سزا ملنی چاہیے، میں اس کا نواسہ ہوں جس نے پھانسی قبول کی لیکن اپنے اصولوں پر سودے بازی نہیں کی۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ایسے فیصلے لینا ہوں گے جس سے یہ ایوان مضبوط ہو اور ملک کا مستقبل روشن ہو، پاکستان کے عوام نے ایسا فیصلہ سنایا ہے کہ آپ کو مجبوراً مل کر فیصلے کرنا پڑیں گے، پاکستان کے عوام پیغام بھیج رہے ہیں کہ ہماری لڑائیوں سے وہ تھک چکے ہیں۔ عوام غربت، مہنگائی اور بیروزگاری کی وجہ سے تنگ آچکے ہیں، عوام نے کسی ایک جماعت کو اکثریت نہیں دی، عوام نے اس لیے ووٹ نہیں دیا کہ یہاں آکر گالی دیں، اگر آپ کو ووٹ دیے ہیں تو اس لیے کہ عوام کو معاشی بحران سے بچائیں، چیزوں کی قیمتوں میں اضافہ ہورہا ہے لیکن آمدنی میں اضافہ نہیں ہورہا، ہم نے کچھ ایسے فیصلے لیے ہیں جس سے آج ہماری عوام اور معیشت مشکل میں ہے، سب آپ کو دعوت دے رہے ہیں کہ مل بیٹھ کر پاکستان کو اس مشکل سے نکالیں آپ اس بات پر ہمارا ساتھ دیں۔تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے بلاول بھٹو پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے نانا کی سیاست دفن کردی، نام کے ساتھ بھٹو لگانے سے کوئی بھٹو نہیں بن جاتا اس پر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ اگر آپ ذاتیات پر حملے کریں گے تو آپ کے لیڈر پر بھی بات ہو گی







