عالیشان کوٹھی میں بھاری لوڈ، مین لائن سے براہ راست کنکشن، لاکھوں کی بجلی چوری

ملتان (قوم ریسرچ سیل )اندھیر نگری، چوپٹ راج! “عام صارف بجلی چوری کرے تو ایف آئی آر،بھاری جرمانہ ،گرفتاری اور بااثر افرادکو بجلی چوری کی کھلی چھوٹ؟یہ ہے میپکوانتظامیہ کامیرٹ؟۔ میپکوموسیٰ پاک ڈویژن میں مین لائن سے کنڈیاں، عالیشان کوٹھی میں بھاری لوڈاستعمال، میپکو افسران نے کھل کھیلنے کی اجازت دے دی۔موسیٰ پاک ڈویژن میں مبینہ بجلی چوری نے میپکو کے تمام دعووں کی قلعی کھول دی۔ مین لائن سے سرِعام ڈائریکٹ کنڈیاں، عالی شان کوٹھی میں بھاری لوڈ، ماہانہ لاکھوں روپے کی مبینہ بجلی چوری، مگر کوئی پوچھنے والا نہیں! سوال یہ ہے کہ عام صارف کے لیے قانون حرکت میں آ جاتا ہے، ایف آئی آر، جرمانہ اور گرفتاری تک ہو جاتی ہے، لیکن اگر بجلی چوری کرنے والا بااثر ہو تو کیا قانون کی آنکھیں بند ہو جاتی ہیں؟تصاویر خود گواہی دے رہی ہیں کہ مین لائن سے بجلی کے براہِ راست کنکشن لیے گئے ہیں۔ شہریوں کا الزام ہے کہ سفارش رشوت اور مبینہ ملی بھگت نے متعلقہ افسران کی آنکھیں بند کر رکھی ہیں، جبکہ بجلی چوروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیوں کے دعوے صرف کاغذوں اور میٹنگز تک محدود دکھائی دیتے ہیں۔بااثر افراد سمیت اس بجلی چوری کانقصان بھی بے قصورصارفین پرڈیٹکشن بلوں کی مد میں ڈال کران سے پوراکیاجائے گا۔ سوال سیدھا میپکو کے اعلیٰ حکام سے ہے، مین لائن پر لگی کنڈیاں نظر کیوں نہیں آ رہیں؟ بھاری لوڈ کیسے چل رہا ہے؟ اور کارروائی کیوں نہیں ہو رہی؟شہریوں نے سی ای او میپکو انجینئر جام گل محمد زاہد، وفاقی وزیر پاور ڈویژن اور سیکرٹری پاور ڈویژن سے فوری نوٹس لے کرسخت ایکشن اور بلاامتیاز اور غیرجانبدارانہ انکوائری کا مطالبہ کیا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں