راجن پور (ڈپٹی بیورو چیف)اینٹی کرپشن کے چھاپوں کے باعث راجن پور کے مختلف سرکاری دفاتر میں افسران و اہلکاروں کی حاضری متاثر، سینکڑوں کلومیٹر کا سفرطے کرکے راجن پور آنے والے سائلین شدید پریشانی کا شکار ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن کے پہلو میں واقع رجسٹری برانچ میں اینٹی کرپشن پولیس نے چھاپہ مارا تو مبینہ طور پر اینٹی کرپشن کے بعض اہلکاروں نے قبل از وقت اطلاع دے دی جس کے باعث متعلقہ اہلکار دفتر سے غائب ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق اینٹی کرپشن پولیس رجسٹری برانچ میں ریکارڈ کی جانچ پڑتال کر رہی ہے۔دوسری جانب سرکاری محکموں میں اینٹی کرپشن کے مبینہ ٹریپ ریڈ کے خوف کے باعث افسران و اہلکاروں کی دفاتر میں حاضری بھی کم رہی۔ اینٹی کرپشن نے محکمہ وائلڈ لائف کے انسپکٹر محمد نواز کو ایک شکاری سے مبینہ طور پر 20 ہزار روپے جرمانے کی رقم وصول کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا۔تاہم انسپکٹر محمد نواز کا موقف ہے کہ مذکورہ رقم اس سے برآمد نہیں ہوئی بلکہ بینک میں جمع کروانے کے لیے چالان فارم کے ساتھ دوسرے کاؤنٹر پر رکھی گئی تھی اور اسے بینک میں جمع کروانے کے لیے بھیجا جا رہا تھا۔ذرائع کے مطابق محکمہ ہائی وے، واسا، رجسٹری برانچ، بلڈنگ، انہار، زراعت، ڈی ایچ او اور سی ای او ہیلتھ سمیت مختلف دفاتر کھلے رہے، تاہم اینٹی کرپشن کے چھاپوں کے خوف کے باعث متعدد افسران دفاتر میں موجود نہیں تھے۔ جس کے باعث کوٹ طاہر، داجل، شاہوالی، روجھان اور قبائلی علاقوں سے آنے والے متعدد سائلین کو خالی ہاتھ واپس لوٹنا پڑا۔سوشل ویلفیئر آفس میں موجود سائلین نے بتایا کہ وہ گزشتہ ایک ہفتے سے دفاتر کے چکر لگا رہے ہیں، مگر متعلقہ افسران دستیاب نہیں ہوتے۔ سائلین کا کہنا تھا کہ حتیٰ کہ معذور افراد کو بھی اپنی مشکلات کے حل کے لیے بار بار دفاتر کے چکر لگانے پڑ رہے ہیں، مگر ان کی شنوائی نہیں ہو رہی۔عوامی و سماجی حلقوں نے کہا ہے کہ کرپشن کے خاتمے کے لیے شفاف، غیرجانبدار اور مؤثر کارروائیاں ضروری ہیں۔ تاہم اگر چھاپوں اور کارروائیوں کے خوف سے سرکاری دفاتر میں معمول کے امور متاثر ہوں تو اس کا براہِ راست نقصان عام سائلین کو ہوتا ہے۔انہوں نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ صورتحال کا فوری نوٹس لیا جائے، سرکاری دفاتر میں افسران و اہلکاروں کی حاضری یقینی بنائی جائے اور اینٹی کرپشن کی کارروائیوں کو شفاف اور مؤثر بنایا جائے تاکہ کرپشن کے خاتمے کے ساتھ ساتھ عوامی امور بھی بلا تعطل جاری رہیں۔







