خانیوال (خبرنگار)دوہرے قتل کے سفاک قاتل پولیس کی گرفت سے دور،سعودی عرب سے آیا ہوا متاثرہ بھائی بھی انصاف نہ ملنے پر بے بس ہو کر واپس چلاگیا۔چار ماہ قبل نامعلوم افراد کی جانب سے بھابھی فرزانہ بی بی اور بھتیجے ذیشان کو بے دردی سےکئےگئے قتل کے معاملے میں پولیس اب تک قاتلوں کا سراغ لگانے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار مقتول ذیشان کے چچا شاہنواز نے ڈسٹرکٹ پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔شاہنواز نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ان کا بھائی روزگار کے سلسلے میں سعودی عرب میں مقیم تھا۔ گھر میں دوہرے قتل کی اس سنگین واردات کی خبر سن کر اس کے ہوش اڑ گئے اور وہ فوری طور پر وطن واپس پہنچا۔ دو ماہ تک وہ انصاف کی بھیک مانگتا رہا اور قاتلوں کی تلاش میں مارا مارا پھرتا رہالیکن کوئی سنوائی نہ ہونے پر بالآخر بے بس ہو کر اسے واپس سعودی عرب چلا گیا۔چار ماہ کا عرصہ گزر جانے کے باوجود اس سفاکانہ واردات کے ملزمان کا تا حال کوئی علم نہیں ہو سکا ہے۔شاہنواز نے وزیراعلیٰ ، آئی جی پنجاب اور ایڈیشنل آئی جی کامران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ اس سنگین واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے اور چار ماہ قبل ہونے والے اس سفاکانہ قتل کے ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔







