ملتان ( اعجازمرتضی سے)میپکو ملتان سرکل کا بجلی چوروں کے خلاف شدید کریک ڈاؤن،ایک ہی مہینے(رواں ماہ اگست) میں 300 سے زائد بجلی چوروں کے خلاف مقدمات درج کرکے کروڑوں روپے کے جرمانے عائد کئے گئے۔ذرائع کے مطابق بجلی کمپنی کے ایک ہی سرکل میں ایک ہی ماہ میں 300 سے زائد بجلی چوری کے مقدمات نہ صرف میپکو بلکہ تمام بجلی کمپنیوں کے کسی سرکل میں ریکارڈ کے مطابق اس کی مثال نہیں ملتی۔ بجلی چوری کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیوں کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔ کسی بھی شخص کو اس کے اثر و رسوخ، حیثیت یا سفارش کی بنیاد پر رعایت نہ دینے کی واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ایس ای ملتان سرکل ساجد حسین گوندل نے تمام افسران و اہلکاروں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ بجلی چوری کے تمام کیسز میں یکساں پالیسی اختیار کی جائے۔ کسی بجلی چور کے ساتھ خصوصی رعایت یا امتیازی سلوک برداشت نہیں کیا جائے گا۔ تمام ثابت شدہ بجلی چوری کے کیسز میں قواعد و ضوابط کے مطابق مقدمات درج کرانے کے ساتھ ساتھ متعلقہ صارف کو جرم کی نوعیت کے مطابق ڈیٹیکشن بل جاری کیا جائے ۔انہوں نے مزید ہدایات جاری کی ہیں کہ بجلی چوری کے مقدمات میں عائد کئے جانے والے جرمانوں میں بھی یکسانیت اور شفافیت برقرار رکھی جائے۔ کسی ایک صارف کو بلاجواز کم اور دوسرے کو زیادہ جرمانہ عائد کرنا ناانصافی کے زمرے میں آئے گا، اس لیے ہر کیس میں جرم کی نوعیت، شواہد اور متعلقہ پالیسی کے مطابق کارروائی کی جائے۔ذرائع کے مطابق تمام ڈیٹیکشن بلز کی جانچ پڑتال بھی کی جائے گی۔ اگر کسی کیس میں بے ضابطگی، جانبداری، بلاجواز رعایت یا کسی صارف کے ساتھ زیادتی ثابت ہوئی تو متعلقہ افسر یا اہلکار کے خلاف بھی قواعد و ضوابط کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ذرائع نے بتایا کہ ملتان سرکل میں بجلی چوروں کے خلاف کارروائی کے نتیجے میں عائد کیے جانے والے جرمانوں کی مجموعی مالیت کروڑوں روپے بنتی ہے، جس کی ریکوری کا عمل جاری ہے۔







