نادرا کا نیا کیو آر کوڈ والا قومی شناختی کارڈ متعارف، آج سے مرحلہ وار اجرا شروع

اسلام آباد: نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے پاکستان میں تیار کردہ کیو آر کوڈ پر مبنی نئے قومی شناختی کارڈ کا اجرا شروع کردیا ہے، جسے موجودہ شناختی کارڈ کی جگہ مرحلہ وار جاری کیا جائے گا۔
نادرا کے مطابق نیا شناختی کارڈ پاکستان میں پولی کاربونیٹ مٹیریل سے تیار کیا گیا ہے، جبکہ اس میں درآمد شدہ مائیکروچپ کے بجائے محفوظ کیو آر کوڈ استعمال کیا گیا ہے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ نئے کارڈ کی تصدیق عام اسمارٹ فون کے ذریعے بھی کی جاسکے گی۔ پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے کیو آر کوڈ اسکین کرکے شناختی کارڈ کی معلومات کی تصدیق ممکن ہوگی۔
نادرا کے مطابق کیو آر کوڈ میں کارڈ ہولڈر کی شناخت سے متعلق ضروری معلومات اور تصویر موجود ہوگی۔ اس نظام سے نام، پتہ اور دیگر شناختی معلومات کے اندراج میں ممکنہ غلطیوں کو کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
اعلامیے کے مطابق ٹیلی کام کمپنیوں، بینکوں، اسپتالوں، ریلوے، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کو کیو آر کوڈ کے ذریعے شناخت کی تصدیق کے لیے مخصوص سافٹ ویئر فراہم کیا جائے گا۔
نئے شناختی کارڈ پر خاندان نمبر کے علاوہ معذور افراد، بزرگ شہریوں اور اعضا عطیہ کرنے والوں کی شناخت کے لیے مخصوص نشانات بھی موجود ہوں گے۔ آزاد جموں و کشمیر کے شہریوں کے لیے بھی الگ شناختی علامت شامل کی جائے گی۔

نادرا کے مطابق نئے کارڈ پر نام اور پتہ اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں درج ہوگا۔ کیو آر کوڈ پر مبنی یہ نیا شناختی کارڈ 14 اگست سے موجودہ کارڈ کی جگہ مرحلہ وار جاری کیا جارہا ہے۔
جنوری 2027 سے کیو آر کوڈ والا نیا شناختی کارڈ نائیکوپ اور جووینائل کارڈ سمیت قومی شناختی کارڈ کی تمام اقسام کے لیے جاری کیا جائے گا۔ بعد ازاں پاکستان اوریجن کارڈ کو بھی چپ کے بغیر کیو آر کوڈ پر مبنی نئے کارڈ میں منتقل کردیا جائے گا۔
نادرا نے واضح کیا ہے کہ پہلے سے جاری تمام شناختی کارڈ اپنی مقررہ میعاد ختم ہونے تک بدستور قابلِ استعمال رہیں گے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں